ملک کے مختلف اضلاع میں گرج چمک کیساتھ بارشوں کی پیشگوئی

این ڈی ایم اے کے نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر نے آئندہ 12سے24گھنٹوں کے دوران متوقع موسمی صورتحال اور ممکنہ خطرات کے حوالے سے الرٹ جاری کر دیا۔
فائل فوٹو
Updated | Published June, 5 2026 | Muhammad Bilal
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) این ڈی ایم اے کے نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر نے آئندہ 12سے24گھنٹوں کے دوران متوقع موسمی صورتحال اور ممکنہ خطرات کے حوالے سے الرٹ جاری کر دیا۔

الرٹ کے مطابق آئندہ 12 سے 24 گھنٹوں کے دوران وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت پنجاب کے مختلف اضلاع بشمول راولپنڈی، مری، اٹک، چکوال، تلہ گنگ، منڈی بہاؤالدین، گجرات، جہلم اور گوجر خان میں گرج چمک کیساتھ بارش متوقع ہے۔

این ڈی ایم اے مطابق حافظ آباد، لاہور، فصل آباد، سرگودھا، خوشاب، جھنگ، میانوالی، ڈیرہ غازی خان، قصور، اوکاڑہ، ساہیوال، ملتان، بہالپور اور رحیم یار خان کے علاقوں میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

اسی طرح خیبرپختونخوا میں چترال، دیر، سوات، صوابی، کالام، منگورہ، مالاکنڈ، بٹگرام، مردان، نوشہرہ، پشاور، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور ، چارسدہ، کوہاٹ، کرک، بنوں، ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی ہے۔

الرٹ میں بتایا گیا کہ آئندہ 12 سے 24 گھنٹوں کے دوران گلگت بلتستان اور کشمیر کے علاقوں اسکردو، ہنزہ، نگر، غذر، دیامیر، گھانچے، استور، شگر، کھرمنگ، نیلم ویلی، مظفرآباد، باغ، کوٹلی، پونچھ اور بھمبر میں گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے۔

این ڈی ایم اے مطابق آئندہ 12سے24گھنٹوں کے دوران پنجاب، خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیر کے مختلف علاقوں میں بارش کے ساتھ ژالہ باری کا بھی امکان ہے جبکہ ژالہ باری اور تیز ہواؤں کے باعث کمزور تعمیرات اور تنصیبات کو نقصان کا خدشہ ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ شمالی علاقہ جات میں گلیشائی جھیلوں کے پھٹنے، لینڈ سلائیڈنگ اورندی نالوں میں پانی کے بہاؤ میں اضافہ متوقع ہے، بارش، سیلابی صورتحال اور لینڈ سلائیڈنگ کے پیش نظر رابطہ سڑکوں کی بندش کا بھی خطرہ موجود ہے۔

یہ بھی پڑھیں: گرمی کی شدت میں خطرناک اضافہ، ماہرین صحت نے خبردار کر دیا

الرٹ میں کہا گیا ہے کہ ہنزہ، نگر، گلگت، چلاس، استور، شگر، چترال، کالام، اپر کوہستان اور آزاد کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا شدید خطرہ ہے جبکہ شمشال ویلی، عطاآباد جھیل، کریم آباد، گل میت، ششکت بالا اور پاسو کے درمیان رابطہ سڑکوں کو حساس قرار دیا گیا ہے۔

این ڈی ایم اے کے مطابق شگر ویلی روڈ، اسکردو روڈ، دیوسائی روڈ اور قراقرم ہائی وے پر لینڈ سلائیڈنگ کے باعث راستے بند ہونے کا خدشہ ہے، کالام، کندول، ارنگ کیل، داسو، پٹن اور چترال ویلی کے پہاڑی مقامات پر سفر ی سرگرمیاں متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔

ترجمان نے کہا کہ این ڈی ایم اے نے متعلقہ اداروں کو حساس شاہراہوں اور پہاڑی علاقوں میں الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کر دی ہے، سیاح اور مسافر شمالی علاقوں کا سفر کرنے سے قبل موسم اور سڑکوں کی صورتحال ضرور چیک کریں۔