موبائل صارفین کیلئے ریلیف، ٹیکسوں میں کمی کی سفارش
وزارت نے موبائل کارڈز اور بیلنس لوڈ پر عائد 15 فیصد ایڈوانس ٹیکس اور موبائل سروسز پر لاگو 19 اعشاریہ 5 فیصد جنرل سیلز ٹیکس میں کمی کی سفارش کی ہے۔ وزارت کے مطابق ان ٹیکسوں میں کمی سے صارفین کو زیادہ ٹاک ٹائم اور انٹرنیٹ ڈیٹا میسر آ سکے گا جبکہ ڈیجیٹل سہولیات کے استعمال میں بھی اضافہ ہوگا۔
بجٹ تجاویز میں ملک بھر میں تیز رفتار انٹرنیٹ کی فراہمی کیلئے براڈ بینڈ اور انٹرنیٹ سروسز میں استعمال ہونے والے جدید آلات کی درآمد پر ڈیوٹی کم کرنے کی سفارش بھی شامل ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پبلک ٹرانسپورٹ اور آن لائن ٹیکسیوں پر بار کوڈ لگانے کا فیصلہ
اس کے علاوہ فائبر آپٹک نیٹ ورک اور ٹیلی کام ٹاورز کی تنصیب کی لاگت کم کرنے کیلئے خصوصی مراعات دینے کی تجویز دی گئی ہے تاکہ دور دراز علاقوں تک سستا اور معیاری انٹرنیٹ پہنچایا جا سکے ۔وزارتِ آئی ٹی نے نجی شعبے کی سرمایہ کاری بڑھانے پر بھی زور دیا ہے۔
تجاویز کے مطابق ٹیلی کام اور ڈیجیٹل انفراسٹرکچر کے نئے منصوبوں میں سرمایہ کاروں کو ٹیکس مراعات اور دیگر سہولتیں فراہم کی جائیں تاکہ ملک میں ڈیجیٹل معیشت اور ٹیکنالوجی کے شعبے کو مزید فروغ مل سکے۔