عالمی یومِ ماحولیات: ایم ڈی ایس ایس ڈبلیو ایم بی کی اجتماعی اقدامات کی اپیل
ماحولیات کے عالمی دن کے موقع پر سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کے منیجنگ ڈائریکٹر طارق علی نظامانی نے شہریوں پر زور دیا ہے کہ وہ ذمہ دارانہ انتظامی طریقے اپناتے ہوئے اور شہر بھر میں شجرکاری کو فروغ دے کر ماحول کے تحفظ میں فعال کردار ادا کریں۔
اپنے خصوصی پیغام میں طارق علی نظامانی نے کہا کہ "کچرا ہٹائیں، درخت لگائیں" محض ایک نعرہ نہیں بلکہ کراچی کو صاف، سرسبز اور صحت مند بنانے کے لیے ایک اجتماعی عہد ہے۔
انہوں نے کہا کہ ماحولیاتی تحفظ صرف درخت لگانے تک محدود نہیں بلکہ اس میں کچرے کی مناسب تلفی، ری سائیکلنگ، پلاسٹک آلودگی میں کمی، عوامی مقامات کا تحفظ، شہری سبز علاقوں کی ترقی، پارکوں اور ساحلوں کی دیکھ بھال، فضائی آلودگی پر قابو پانا اور ماحول دوست شہری ترقی کو یقینی بنانا بھی شامل ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ کراچی کو درپیش ماحولیاتی چیلنجز کا گہرا تعلق کچرے کے انتظام اور قدرتی وسائل کے استعمال کے طریقوں سے ہے، غیر منصوبہ بند شہری توسیع، کچرے کو بے دریغ پھینکنا، پلاسٹک کا حد سے زیادہ استعمال اور سبز مقامات میں کمی نے ماحولیاتی مسائل کو مزید سنگین بنا دیا ہے، اس رجحان کو تبدیل کرنے میں ہر شہری کا کردار اہم ہے۔
ایم ڈی ایس ایس ڈبلیو ایم بی نے اس بات پر زور دیا کہ صاف شہر اور صحت مند ماحول ایک دوسرے سے جدا نہیں ہو سکتے، شہریوں سے اپیل ہےکہ وہ کچرے کو ذمہ داری سے ٹھکانے لگائیں، ری سائیکلنگ اقدامات کی حمایت کریں، صفائی مہمات میں حصہ لیں اور اپنے محلوں میں شجرکاری کی سرگرمیوں میں تعاون کریں۔
طارق علی نظامانی نے مزید کہا کہ سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ جدید کچرا جمع کرنے اور تلف کرنے کے نظام، ری سائیکلنگ منصوبوں، عوامی آگاہی مہمات، ساحلوں کی صفائی کی سرگرمیوں اور کمیونٹی شمولیتی پروگراموں کے ذریعے سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کے نظام کو مزید مؤثر بنانے کے لیے مسلسل کام کر رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کی "وعدہ کرو" مہم کا آغاز
انہوں نے حکومتی اداروں، سول سوسائٹی تنظیموں، تعلیمی اداروں، کاروباری شعبے اور شہریوں سمیت تمام متعلقہ فریقین سے اپیل کی کہ وہ کراچی کے لیے ایک پائیدار اور بہتر مستقبل کی تشکیل میں اپنا کردار ادا کریں۔
سربراہ سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ نے اپنے پیغام کے اختتام پر کہا کہ "آئیے عالمی یومِ ماحولیات کے موقع پر یہ عہد کریں کہ ہم اپنے شہر کو صاف رکھیں گے، زیادہ سے زیادہ درخت لگائیں گے، کچرے میں کمی لائیں گے، قدرتی وسائل کا تحفظ کریں گے اور آنے والی نسلوں کے لیے ایک صحت مند ماحول چھوڑ کر جائیں گے۔"