پاسپورٹ بنوانے والے خواہشمندوں کیلئے اچھی خبر

پاسپورٹ
حکومت نے شہریوں کی سہولت کیلئے پاسپورٹ ہوم ڈیلیوری سروس شروع کرنے کا اعلان کیا/ فائل فوٹو
Updated | Published June, 5 2026 |
اسلام آباد:(ویب ڈیسک) پاسپورٹ بنوانے والے خواہشمندوں کیلئے اچھی خبر آگئی۔ حکومت نے شہریوں کی سہولت کیلئے پاسپورٹ ہوم ڈیلیوری سروس شروع کرنے کا اعلان کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق ڈائریکٹر جنرل امیگریشن اینڈ پاسپورٹس محمد علی رندھاوا نے اعلان کیا کہ یکم جولائی سے پاسپورٹ کی نئی ہوم ڈیلیوری سروس کا آغاز کیا ہے، جس کے تحت شہریوں کو پاسپورٹ حاصل کرنے کیلئے بار بار دفاتر کے چکر نہیں لگانے پڑیں گے۔

ڈی جی پاسپورٹس نے مختلف پاسپورٹ دفاتر کا دورہ کیا اور شہریوں سے ملاقات کے دوران ان کی شکایات اور مسائل کا جائزہ لیا، انہوں نے متعلقہ عملے کو ہدایت کی کہ عوامی شکایات کا فوری ازالہ یقینی بنایا جائے اور خدمات کے معیار کو مزید بہتر بنایا جائے۔

یہ بھی پڑھیں: سولہ سال کی عمر میں ڈرائیونگ لائسنس کی منظوری

محمد علی رندھاوا کا کہنا تھا کہ نئے نظام کے تحت پاسپورٹ کی ترسیل کا عمل زیادہ شفاف، موثر اور تیز رفتار بنایا جائے گا۔ اس اقدام سے شہریوں کو لمبی قطاروں اور غیر ضروری انتظار سے نجات ملے گی۔

انہوں نے کورئیر کمپنیوں کو بھی ہدایت کی کہ پاسپورٹس کی محفوظ اور بروقت ترسیل یقینی بنائی جائے تاکہ درخواست گزاروں کو بہترین سہولت فراہم کی جاسکے۔

ڈی جی امیگریشن اینڈ پاسپورٹس نے کہا کہ حکومت جدید، تیز رفتار اور عوام دوست خدمات کی فراہمی کیلئے مسلسل اصلاحات متعارف کرا رہی ہے اور مستقبل میں بھی سہولتوں کے دائرہ کار کو مزید وسعت دی جائے گی۔