حوثیوں کا آرامکو ریفائنری پر حملے کا دعویٰ
خبر رساں اداروں کے مطابق حوثیوں کا کہنا ہے کہ آرامکو کی تنصیب کو نشانہ بنانے کی کارروائی سعودی عرب کی جانب سے یمن کے دارالحکومت صنعا اور دیگر علاقوں میں کیے گئے حملوں کے جواب میں کی گئی۔
دوسری جانب سعودی سول ڈیفنس کے مطابق صوبہ عسیر کے گورنریٹ احد رفیدہ میں حوثیوں کی جانب سے داغا گیا بیلسٹک میزائل فضا میں تباہ کردیا گیا، تاہم میزائل کے ملبے کی زد میں آکر ایک شخص زخمی ہوگیا۔
سعودی حکام کے مطابق جنوبی شہر نجران میں بھی حوثیوں کے ایک پروجیکٹائل حملے کے باعث ایک اسکول کو نقصان پہنچا۔ حکام نے حملوں کے بعد متاثرہ علاقوں میں امدادی اور حفاظتی اقدامات کیے۔
رپورٹس کے مطابق ایک عینی شاہد نے بتایا کہ ہفتے کے روز ریاض میں آرامکو کی ایک تنصیب کے قریب دھوئیں کے بادل بلند ہوتے دکھائی دیے، جس کے بعد فائر فائٹرز نے موقع پر پہنچ کر آگ پر قابو پانے کی کوشش کی۔
خیال رہے کہ حوثیوں نے گزشتہ ہفتے بھی سعودی آرامکو کی یَنبُع میں موجود تنصیبات کو میزائلوں اور ڈرونز سے نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا تھا، تاہم سعودی عرب نے کہا تھا کہ اس نے طائف اور یَنبُع کی سمت داغے گئے 6 بیلسٹک میزائلوں کو روک لیا۔
یہ بھی پڑھیں:جی 7 ممالک کا پیٹرول و ڈیزل سستا کرنے کیلئے اہم اعلان
سعودی حکام نے ان حملوں کے بعد آرامکو کی تنصیبات کو پہنچنے والے کسی نقصان کی تصدیق نہیں کی، موجودہ حملے کے حوالے سے بھی سعودی حکومت اور آرامکو کے باضابطہ بیان کا انتظار ہے۔