حکومت کا کاروبار کیلئے 5 کروڑ روپے تک بلاسود قرضوں کا اعلان
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے پنک سالٹ کی ویلیو ایڈڈ مصنوعات کے فروغ کیلئے 5 ارب روپے کی بلاسود فنانسنگ اسکیم کا آغاز کردیا ہے۔
پنک سالٹ ویلیو ایڈیشن فنانسنگ اسکیم کے تحت کاروباری افراد کو 5 کروڑ روپے تک کے بلاسود قرضے فراہم کیے جائیں گے، جبکہ پنجاب حکومت قرضوں کے سود کی مد میں 1.456 ارب روپے ادا کرے گی۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے اسکیم کے تحت قرضہ حاصل کرنے والے 10 کاروباری افراد میں چیک تقسیم کیے اور مزید افراد کو بھی اسکیم سے فائدہ اٹھانے کی ہدایت کی۔
مریم نواز نے کاروباری افراد پر زور دیا کہ خام پنک سالٹ برآمد کرنے کے بجائے پاکستان کے نام سے برانڈڈ اور ویلیو ایڈڈ مصنوعات عالمی منڈی میں متعارف کرائی جائیں۔
یہ بھی پڑھیں: حکومت اور اپوزیشن ارکان کے درمیان مذاکرت کا پہلا دور ختم
بریفنگ میں بتایا گیا کہ قائدآباد میں 110 ایکڑ پر پنک سالٹ پروسیسنگ زون قائم کیا جائے گا، جہاں 200 ویلیو ایڈیشن یونٹس لگانے کی منصوبہ بندی ہے۔
حکام کے مطابق اس منصوبے سے 10 ہزار سے زائد روزگار کے مواقع پیدا ہونے کی توقع ہے، جبکہ پنک سالٹ کی بہتر پروسیسنگ، برانڈنگ اور پیکیجنگ کے ذریعے سالانہ برآمدات میں 300 ملین ڈالر تک اضافہ کیا جاسکتا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ پنک سالٹ پاکستان کی انفرادیت ہے، لیکن دوسرے ممالک پاکستان سے کم قیمت پر پنک سالٹ خرید کر اسے مہنگے داموں عالمی مارکیٹ میں فروخت کر رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کا پنک سالٹ پہاڑوں میں چھپے سونے کے مترادف ہے اور اس سے پنجاب کے عوام کو فائدہ پہنچنا چاہیے۔
مریم نواز نے نوجوان کاروباری افراد اور اسٹارٹ اپس کو بھی اسکیم کے تحت سہولت فراہم کرنے اور عالمی منڈیوں تک رسائی میں مدد دینے پر زور دیا۔