امریکی ویزے کی درخواست دینے والے پاکستانیوں کے لیے اہم خبر
امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق عوام مشتبہ امریکی ویزا فراڈ سے متعلق معلومات آن لائن فراہم کرسکیں گے، جبکہ عوامی شکایات اور اطلاعات کی مدد سے پہلے بھی ہزاروں ویزا فراڈ کیسز کی نشاندہی کی جاچکی ہے۔
محکمہ خارجہ کا کہنا ہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی دوسری مدت کے دوران ویزا فراڈ میں ملوث ہزاروں افراد کی نشاندہی کی گئی ہے اور فراڈ کی روک تھام اور اس کی نشاندہی کے لیے سخت اقدامات جاری ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: پی آئی اے بورڈ کا بڑا فیصلہ، نئے طیاروں کی شمولیت کی منظوری
امریکی حکام کے مطابق جعلی دستاویزات، جعلی سفری منصوبے، جعلی شادیاں اور فرضی ملازمتوں کی پیشکش ویزا فراڈ میں شامل ہوسکتی ہیں۔
محکمہ خارجہ کے مطابق امریکہ میں بچے کی پیدائش کے مقصد سے سفر کرنا بھی بعض حالات میں ویزا فراڈ کے زمرے میں آسکتا ہے۔
امریکی حکام کا کہنا ہے کہ ویزا فراڈ سے امریکی کمیونٹیز، معیشت اور امریکی کارکنوں کو نقصان پہنچ سکتا ہے، جبکہ یہ قومی سلامتی اور عوامی تحفظ کے لیے بھی خطرہ بن سکتا ہے۔
محکمہ خارجہ نے ویزا فراڈ میں ملوث افراد کے خلاف قوانین کے مکمل نفاذ کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسے افراد کے ویزے منسوخ کیے جاسکتے ہیں اور ان کے معاملات متعلقہ اداروں کو بھی بھیجے جاسکتے ہیں۔
امریکی محکمہ خارجہ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ مشتبہ ویزا فراڈ سے متعلق معلومات مقررہ آن لائن ٹِپ پورٹل کے ذریعے فراہم کریں۔