بھارتی مسافر طیارے کا پاکستانی فضائی حدود کی خلاف ورزی کا انکشاف
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارت کی سول ایوی ایشن اتھارٹی نے 22 جون کو امرتسر کی فضائی حدود میں پیش آنے والے واقعے کی تصدیق کر دی۔
رپورٹ کے مطابق پاکستان کی جانب سے فضائی حدود کی بندش کے باوجود بھارت کے ایک مسافر طیارے نے اجازت کے بغیر پاکستان کی فضائی حدود میں داخل ہو نے کی کوشش کی۔
اس حوالے سے ائیر انڈیا کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہےکہ "22 جون کو دہلی سے امرتسر جانے والی پرواز AI479 کو آپریٹ کرنے والے عملے نے امرتسر ہوائی اڈے پر طیارے کو اتارنے کی ناکام کوشش کے بعد دوبارہ اڑان بھرنے کے عمل کے دوران معمولی طور پر پاکستان کی فضائی حدود کی خلاف ورزی کی تھی۔
Air India Statement: "The crew operating flight AI479 from Delhi to Amritsar on 22 June had marginally infringed into the Pakistan airspace while manoeuvring a go-around at Amritsar airport. The incident has been reported to the regulatory authorities and is being investigated…
— ANI (@ANI) June 24, 2026
بھارتی میڈیا کے مطابق ایئر انڈیا کی جانب سے اس واقعے کی رپورٹ ریگولیٹری حکام کو دے دی گئی اور اندرونی طور پر اس کی تحقیقات کا عمل جاری ہے۔
علاوہ ازیں بھارتی سول ایوی ایشن اتھارٹی سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ "22 جون کو ایئر انڈیا کے ایئربس 321 طیارے کو لینڈنگ کے لیے پہنچنے کے دوران فضا میں چکر کاٹنے کا کہا گیا کیونکہ پرندے کے ٹکرانے کے واقعے کے بعد رن وے کا معائنہ جاری تھا۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان کی فضائی حدود بندش نے بھارتی ایئر لائنز کی کمر توڑ کر رکھ دی
بھارتی ایوی ایشن کے مطابق راڈار ویکٹرنگ کے دوران دوبارہ لینڈنگ کی کوشش کے دوران بھارتی طیارہ مختصر طور پر پاکستان کی فضائی حدود میں داخل ہو گیا۔
بھارتی حکام کے مطابق مذکورہ واقعہ پر پاکستان ایئر ٹریفک کنٹرول حکام کو آگاہ کیا گیا تاہم طیارہ بالآخر واپس دہلی کی جانب موڑ دیا گیا اور وہاں باحفاظت لینڈ کر گیا۔
بھارتی سول ایوی ایشن کے مطابق واقعہ کی اطلاع نہ دینے پر امرتسر کے متعلقہ ایئر ٹریفک کنٹرولر اور آپریٹنگ عملے کے خلاف عبوری کارروائی عمل میں لائی گئی ہے۔