بابر اعظم نے ہاشم آملہ کا عالمی ریکارڈ توڑ دیا
بابر اعظم اب ون ڈے کرکٹ کی ابتدائی 141 اننگز میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے بلے باز بن گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق بابر اعظم نے سہ ملکی سیریز کے پہلے میچ میں سری لنکا کے خلاف 45 رنز کی اننگز کھیلی۔ اس اننگز کے بعد ان کے ون ڈے انٹرنیشنل میچز میں رنز کی مجموعی تعداد 6 ہزار 671 ہو گئی، جس کے ساتھ ہی انہوں نے ہاشم آملہ کو پیچھے چھوڑ دیا۔
جنوبی افریقا کے سابق مایہ ناز بلے باز ہاشم آملہ نے اپنی ابتدائی 141 ون ڈے اننگز میں 6 ہزار 626 رنز بنائے تھے، جبکہ بھارتی اسٹار ویرات کوہلی اس فہرست میں 6 ہزار 224 رنز کے ساتھ تیسرے نمبر پر موجود ہیں۔
بابر اعظم کی اس کامیابی کو ان کی مستقل مزاجی اور ون ڈے کرکٹ میں شاندار کارکردگی کا ایک اور ثبوت قرار دیا جا رہا ہے۔ قومی بلے باز پہلے بھی اپنی بیٹنگ کی بدولت متعدد ریکارڈز قائم کر چکے ہیں اور دنیا کے نمایاں بلے بازوں میں شمار ہوتے ہیں۔
اسی میچ میں بابر اعظم نے اپنے بین الاقوامی کرکٹ کیریئر کے 16 ہزار رنز بھی مکمل کر لیے۔ یہ سنگ میل عبور کرنے والے وہ پانچویں پاکستانی بلے باز بن گئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:ایشین گیمز فائنل میں بھارت کی پاکستان کو شکست
بابر اعظم کی یہ دوہری کامیابی پاکستانی کرکٹ شائقین کے لیے خوشی کا باعث ہے، جبکہ ان کی نظریں آئندہ میچز میں مزید ریکارڈز اپنے نام کرنے پر ہوں گی۔