سرکاری حج سکیم میں درخواست دینے والے افراد کیلئے اہم خبر
وزارتِ مذہبی امور نے تمام متعلقہ عازمین کو ہدایت کی ہے کہ وہ 20 اکتوبر تک اپنے واجبات لازمی جمع کرا دیں تاکہ حج درخواست کی منسوخی سے بچا جا سکے۔
ترجمان وزارتِ مذہبی امور کے مطابق سرکاری حج سکیم میں شامل عازمین حج واجبات کی دوسری قسط کی ادائیگی کیلئے نیشنل آئی ٹی بورڈ کے حج پورٹل یا پاک حج ایپ سے استفادہ کر سکتے ہیں۔ ادائیگی کیلئے مختلف سہولیات فراہم کی گئی ہیں تاکہ عازمین مقررہ وقت میں اپنا عمل مکمل کر سکیں۔
حج پورٹل پر بینک کارڈ، ون لنک اور دستی بینک چالان کے ذریعے واجبات جمع کرانے کی سہولت دستیاب ہے۔ وزارتِ مذہبی امور نے عازمین کو تاکید کی ہے کہ وہ آخری تاریخ کا انتظار کرنے کے بجائے جلد از جلد ادائیگی مکمل کریں، کیونکہ مقررہ وقت میں واجبات جمع نہ کرانے کی صورت میں حج درخواست منسوخ ہونے کا خدشہ ہے۔
دوسری جانب سرکاری حج سکیم کے تحت عازمین کیلئے طبی دستاویزات کی تکمیل بھی ضروری قرار دی گئی ہے۔ ترجمان کے مطابق عازمین حج پورٹل پر دستیاب میڈیکل فٹنس سرٹیفکیٹ ڈاؤن لوڈ کریں اور اسے ڈاکٹر سے تصدیق کروانے کے بعد دوبارہ حج پورٹل پر اپ لوڈ کریں۔
یہ بھی پڑھیں:وزیراعظم اپنا گھر پروگرام میں اپلائی کرنے والوں کیلئے خوشخبری
وزارتِ مذہبی امور نے عازمین کو ہدایت کی ہے کہ وہ واجبات کی ادائیگی اور میڈیکل فٹنس سرٹیفکیٹ اپ لوڈ کرنے سمیت تمام ضروری مراحل بروقت مکمل کریں تاکہ حج درخواست کے عمل میں کسی قسم کی رکاوٹ پیش نہ آئے۔