پاکستانیوں کے لیے اقوام متحدہ میں ملازمتوں کے مواقع
بیورو آف امیگریشن اینڈ اوورسیز ایمپلائمنٹ کے مطابق اقوام متحدہ اور اس سے وابستہ اداروں میں انجینئرنگ، انفارمیشن ٹیکنالوجی، صحت عامہ، فنانس، ماحولیاتی انتظام اور سماجی علوم سمیت مختلف شعبوں میں پیشہ ورانہ آسامیوں کا اعلان کیا جاتا ہے۔
ان اداروں میں کام کرنے والے افراد کو ماحولیاتی تبدیلی، غربت کے خاتمے، انسانی امداد، پائیدار ترقی اور انسانی حقوق کے تحفظ جیسے عالمی منصوبوں میں کردار ادا کرنے کا موقع مل سکتا ہے۔ بعض عہدوں پر بین الاقوامی معیار کے مطابق تنخواہوں، صحت کی سہولتوں، پنشن اور پیشہ ورانہ تربیت جیسی مراعات بھی فراہم کی جاتی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان میں سولر پینلز کی نئی قیمتیں سامنے آگئیں
ملازمت کے خواہش مند پاکستانی امیدوار اقوام متحدہ کے آفیشل کیریئرز پورٹل اور متعلقہ اداروں کے بھرتی پلیٹ فارمز پر دستیاب آسامیوں کی تفصیلات دیکھ سکتے ہیں۔ ان اداروں میں یو این ڈی پی، یونیسیف اور عالمی ادارہ صحت سمیت دیگر تنظیمیں شامل ہیں۔
امیدواروں کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ اپنی تعلیمی قابلیت، فنی مہارت اور پیشہ ورانہ تجربے سے مطابقت رکھنے والی آسامیوں کا انتخاب کریں اور درخواست میں اپنی صلاحیتوں اور عملی تجربے کو واضح انداز میں پیش کریں۔
درخواست دینے سے قبل ہر آسامی کی اہلیت، تجربے، مقامِ تعیناتی، تنخواہ اور دیگر شرائط کا جائزہ لینا ضروری ہے، کیونکہ ملازمتوں کی دستیابی اور مراعات عہدے اور ادارے کے مطابق مختلف ہوسکتی ہیں۔
خواہشمند افراد تازہ آسامیوں اور درخواست دینے کے طریقۂ کار کے لیے اقوام متحدہ کے آفیشل کیریئرز پورٹل اور متعلقہ اداروں کی ویب سائٹس سے رجوع کریں۔