پاکستان کی معروف کرکٹر کائنات امتیاز کرکٹ کو خیرباد کہہ دیا
پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق کائنات امتیاز نے پاکستان کی جانب سے 19 ون ڈے اور 21 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز کھیلے۔ وہ قومی ٹیم کے ساتھ کئی اہم بین الاقوامی مقابلوں کا حصہ رہیں اور ملک کی نمائندگی کی۔
کائنات امتیاز 2010 اور 2014 میں ایشین گیمز میں گولڈ میڈل جیتنے والی پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کا حصہ بھی رہیں۔ انہوں نے آخری ون ڈے انٹرنیشنل میچ جنوری 2023 میں آسٹریلیا کے خلاف کھیلا، جبکہ آخری ٹی ٹوئنٹی میچ اکتوبر 2022 میں تھائی لینڈ کے خلاف کھیلا تھا۔
بین الاقوامی کرکٹ سے دوری کے دوران کائنات امتیاز نے کرکٹ سے اپنا تعلق برقرار رکھا اور کمنٹری کے شعبے سے وابستہ رہیں، اب انہوں نے ویمن میچ ریفری کے طور پر بھی اپنے نئے سفر کا آغاز کردیا ہے۔
کائنات امتیاز کا کرکٹ سے تعلق خاندانی سطح پر بھی نمایاں ہے، ان کی والدہ سلیمہ امتیاز امپائرنگ کے شعبے سے وابستہ ہیں اور آئی سی سی انٹرنیشنل ڈیولپمنٹ پینل میں شامل ہونے والی پاکستان کی پہلی خاتون امپائر ہیں۔
سلیمہ امتیاز اب تک 9 ویمن ون ڈے انٹرنیشنل اور 69 ویمن ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز میں امپائرنگ کے فرائض انجام دے چکی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:ایشین گیمز فائنل میں بھارت کی پاکستان کو شکست
کائنات امتیاز کی ریٹائرمنٹ کے بعد ان کا کرکٹ سے تعلق ایک نئے انداز میں جاری رہے گا، جہاں وہ میچ ریفری کی حیثیت سے ویمن کرکٹ میں اپنی خدمات انجام دیں گی۔