سابق صوبائی وزیر مہر سعید ظفر ساتھیوں سمیت مسلم لیگ (ق) میں شامل
چوہدری سالک حسین نے نئے ساتھیوں کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ مہر سعید ظفر کی شمولیت سے پارٹی مزید مضبوط ہوگی۔
تفصیلات کے مطابق لاہور میں منعقدہ شمولیتی تقریب کے دوران مہر سعید ظفر نے مسلم لیگ (ق) میں شمولیت کا اعلان کیا۔ اس موقع پر چوہدری سالک حسین سمیت پارٹی کے دیگر رہنما بھی موجود تھے۔
چوہدری سالک حسین نے مہر سعید ظفر اور ان کے ساتھیوں کو پارٹی میں خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ ان جیسے سینئر سیاستدان کی شمولیت سے مسلم لیگ (ق) کی سیاسی قوت میں اضافہ ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ سیاست کا بنیادی مقصد عام آدمی کیلئے آسانیاں پیدا کرنا اور بدعنوانی سے پاک معاشرے کا قیام ہونا چاہیے۔
چوہدری سالک حسین نے اپنے حالیہ بیان کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے عوامی جذبات کی ترجمانی کی تھی، تاہم ان کے بیان کو غلط معنی پہنائے گئے، عوامی مسائل کی نشاندہی کو سازش کا حصہ قرار دینے کی کوشش کی گئی۔
انہوں نے بتایا کہ ہرجانے کے نوٹس کا جواب دے دیا گیا ہے اور عدالت کی جانب سے طلب کیے جانے پر متعلقہ ثبوت بھی پیش کریں گے۔
اس موقع پر مہر سعید ظفر نے کہا کہ چوہدری سالک حسین کا کرپشن کے خلاف بیانیہ مقبول ہو رہا ہے اور آنے والے دنوں میں مزید سابق ارکان اسمبلی اور معروف سیاسی شخصیات بھی مسلم لیگ (ق) میں شمولیت اختیار کریں گی۔
تقریب میں ڈاکٹر محمد امجد، غلام مصطفیٰ ملک، مسز فرخ خان اور دیگر رہنماؤں نے بھی شرکت کی۔