محمود خان اچکزئی نے اپوزیشن لیڈر کا عہدہ چھوڑنے سے انکار
ان کا کہنا ہے کہ وہ اسی صورت میں عہدہ چھوڑیں گے جب اڈیالہ جیل میں قید وہ شخصیت، جس نے انہیں اس منصب کیلئے نامزد کیا تھا، خود استعفیٰ دینے کا مطالبہ کرے گی۔
تفصیلات کے مطابق محمود خان اچکزئی نے پاکستان تحریک انصاف کی اعلیٰ سطح کی کمیٹی کے اجلاس میں سامنے آنے والے مبینہ مطالبے کے باوجود عہدہ چھوڑنے کا فیصلہ نہیں کیا۔ یہ اجلاس ہفتے کی شام شروع ہوا اور آدھی رات تک جاری رہا، جس میں مختلف سیاسی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
رپورٹس کے مطابق محمود اچکزئی نے اتوار کی شب اپنی تحریک بحالی آئین کے اجلاس کے بعد اپنے قریبی ساتھیوں سے گفتگو کرتے ہوئے واضح کیا کہ وہ اپنی نامزدگی کرنے والی شخصیت کے مطالبے پر ہی عہدے سے الگ ہوں گے۔ ان کے اس بیان کو اپوزیشن کی صفوں میں جاری سیاسی مشاورت کے تناظر میں اہم قرار دیا جا رہا ہے۔
واضح رہے کہ محمود خان اچکزئی پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے سربراہ ہیں، جس کا مرکز کوئٹہ میں ہے۔ وہ اپنی جماعت کے واحد رکن پارلیمنٹ ہیں اور رواں سال جنوری میں قومی اسمبلی کے اسپیکر نے انہیں قائد حزب اختلاف مقرر کیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں:وزیراعظم اپنا گھر پروگرام میں اپلائی کرنے والوں کیلئے خوشخبری
انہیں اس عہدے کے لیے بانی پاکستان تحریک انصاف نے نامزد کیا تھا، جو فوجداری مقدمات میں سزا کے باعث اڈیالہ جیل میں قید ہیں۔