پنجاب میں بلدیاتی انتخابات ہوں گے یا نہیں؟ اہم خبر آگئی
ذرائع کے مطابق پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے مجوزہ شیڈول کے باوجود حکومت اور حکمران جماعت کی سطح پر بعض معاملات پر مشاورت جاری ہے۔
بلدیاتی قانون میں تبدیلی یا انتخابی عملے سے متعلق مسائل کو سامنے رکھتے ہوئے مختلف آپشنز پر غور کیا جا رہا ہے۔
دوسری جانب الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کیلئے 14 دسمبر 2026 کو پولنگ کی تجویز دی ہے اور مجوزہ شیڈول پنجاب حکومت کو مشاورت کیلئے بھجوا دیا ہے۔ حتمی شیڈول صوبائی حکومت کی رائے کے بعد الیکشن کمیشن کی منظوری سے جاری ہوگا۔
مجوزہ شیڈول کے مطابق امیدوار 27 سے 30 اکتوبر تک کاغذات نامزدگی جمع کرا سکیں گے، جبکہ کاغذات کی جانچ پڑتال 2 سے 5 نومبر تک ہوگی۔ امیدواروں کی حتمی فہرست 19 نومبر کو جاری کرنے اور انتخابی نشانات 20 نومبر کو الاٹ کرنے کی تجویز ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ ن کی تنظیمی سطح پر بھی بلدیاتی قانون سے متعلق تحفظات سامنے آئے ہیں، جس کے باعث ڈویژن، ضلع اور تحصیل کی سطح پر پارٹی تنظیموں کو تاحال آئندہ کے لائحہ عمل سے متعلق حتمی ہدایات نہیں دی گئیں۔
واضح رہے کہ پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کیلئے قانونی اور انتظامی تیاریوں کا عمل پہلے ہی جاری ہے۔ پنجاب حکومت نے انتخابات کیلئے بجٹ بھی مختص کیا ہے، جبکہ الیکشن کمیشن انتخابات کرانے کی آئینی ذمہ داری رکھتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:پی ٹی آئی ڈٹ گئی، کل سے لانگ مارچ شروع کرنے کا اعلان
اب آئندہ ہفتے ہونے والی مشاورت کے بعد واضح ہوگا کہ مجوزہ شیڈول کے مطابق انتخابی عمل آگے بڑھتا ہے یا اس میں کسی قانونی یا انتظامی تبدیلی کی ضرورت پیش آتی ہے۔