پی آئی اے بورڈ کا بڑا فیصلہ، نئے طیاروں کی شمولیت کی منظوری
ذرائع کے مطابق پی آئی اے کے نئے مالکان کی اسلام آباد ہیڈ آفس میں اہم بیٹھک ہوئی، جس میں ایئرلائن کے مالی، انتظامی اور آپریشنل معاملات سمیت بیڑے میں نئے طیاروں کی شمولیت سے متعلق اہم فیصلے کیے گئے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پی آئی اے بورڈ نے دو بوئنگ 777 طیارے ویٹ لیز پر حاصل کرنے کی منظوری دی ہے۔ دونوں طیارے یورپی ایئرلائن ’’نورس اٹلانٹک‘‘ سے 6 ماہ کے لیے حاصل کیے جائیں گے۔ ان طیاروں کو یورپ اور برطانیہ کے فضائی آپریشنز کے لیے استعمال کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق پی آئی اے بورڈ نے مزید تین طیارے ڈرائی لیز پر حاصل کرنے کی بھی منظوری دی ہے، جبکہ ایئرلائن کے موجودہ طیاروں کے لیے پرزہ جات کی خریداری کا عمل تیز کرنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے تاکہ فضائی آپریشنز میں بہتری لائی جا سکے۔
بورڈ اجلاس میں پی آئی اے کے مالی اور آپریشنل معاملات سمیت دیگر اہم امور بھی زیر غور آئے۔ نئی منیجمنٹ کی جانب سے ایئرلائن کی کارکردگی بہتر بنانے اور فضائی آپریشنز کو مزید فعال کرنے کے لیے تیزی سے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
ذرائع کے مطابق پی آئی اے کی تنظیم نو کا عمل بھی گزشتہ روز مکمل کیا گیا، جس کے تحت ایئرلائن کا نیا تنظیمی ڈھانچہ جاری کر دیا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پی آئی اے کے نئے مالکان نے ایئرلائن کے بیڑے میں بڑی تعداد میں نئے طیارے شامل کرنے کا منصوبہ بنایا ہے، جس پر عملی پیش رفت کے لیے کام جاری ہے۔