پی ٹی آئی قیادت مذاکرات کیلئے تیار ہے، بیرسٹر گوہر
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ پی ٹی آئی نے مذاکرات کا دروازہ بند نہیں کیا، پارٹی جانتی ہے کہ اسے کس سے بات کرنی ہے، لیکن بدقسمتی سے فی الحال بات چیت آگے نہیں بڑھ رہی۔
بیرسٹر گوہر نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت میں مسائل حل کرنے کی سوچ نظر نہیں آ رہی، سیاسی معاملات کو مذاکرات کے ذریعے حل کرنے کیلئے عملی پیش رفت ضروری ہے۔
انہوں نے محمود خان اچکزئی اور پی ٹی آئی قیادت کی جانب سے بات چیت پر آمادگی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ سیاسی مسائل کو مزید پیچیدہ بنانے کے بجائے فریقین کو مذاکرات کی طرف بڑھنا چاہیے۔
چیئرمین پی ٹی آئی کا خیبر پختونخوا میں گورنر راج کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ گورنر راج کے باقاعدہ نفاذ سے پہلے ہی صوبے میں گورنر راج جیسی صورتحال موجود ہے۔
دوسری جانب سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر راجا ناصر عباس نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کروا کر ملک کو درپیش مسائل کے حل کی جانب پیش رفت کی جاسکتی ہے، عمران خان سے ملاقات کا کوئی پیغام دیا بھی گیا ہو تو وہ ان تک نہیں پہنچا۔
یہ بھی پڑھیں:پی ٹی آئی مارچ،پنجاب میں فوج اور رینجرز طلب
واضح رہے کہ یہ بیانات ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جب پی ٹی آئی نے 27 ستمبر کو احتجاجی مارچ کا اعلان کر رکھا ہے اور پارٹی قیادت سیاسی معاملات پر مذاکرات کی ضرورت پر بھی زور دے رہی ہے۔