پی ٹی آئی لانگ مارچ، 27 ستمبر کوموبائل سروس بند کرنے کا فیصلہ
میڈیا رپورٹس کے مطابق پانچ روز قبل منعقد ہونے والے ایک اعلیٰ سطحی سکیورٹی اجلاس میں موٹرویز، جی ٹی روڈ اور دیگر اہم راستوں کو بند کرنے کے فیصلوں کے ساتھ ساتھ امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے اور سکیورٹی خدشات کے پیشِ نظر موبائل فون سروسز کی معطلی پر بھی تفصیلی غور کیا گیا تھا، جس کے تحت اب عملدرآمد کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
دوسری جانب لانگ مارچ کے پیش نظر وفاقی دارالحکومت کی جانب آنے والی اہم شاہراہوں پر ٹریفک کی پابندیاں عائد کردی گئی ہیں۔ نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس کے مطابق بدھ کی شام سے موٹروے M-1،M-14اور جی ٹی روڈ N-5 کو مختلف مقامات پر دونوں اطراف سے بند کیا جا رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی مارچ:پنجاب میں فوج اور رینجرز طلب
موٹروے M-1 اسلام آباد ٹول پلازہ سے چھچھ انٹرچینج تک، جبکہ M-14 ہکلہ سے کنڈل تک دونوں اطراف سے بند رہے گی۔ جی ٹی روڈ کو بھی اٹک خورد کے مقام پر دونوں اطراف سے ٹریفک کے لیے بند کیا جا رہا ہے۔
یہ اقدامات 27 ستمبر کو خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ کی قیادت میں متوقع احتجاجی قافلوں کی اسلام آباد آمد کے پیش نظر کیے جا رہے ہیں۔