ملک میں سیلاب کا خدشہ، 4 صوبوں میں الرٹ جاری
این ڈی ایم اے کے مطابق بلائی علاقوں میں بارشوں کے نتیجے میں دریاؤں، ندی، نالوں اور برساتی نالوں کے بہاؤ میں اضافہ ہو سکتا ہے جبکہ بعض مقامات پر اچانک سیلابی صورتحال بھی پیدا ہونے کا امکان ہے۔
گلگت بلتستان میں گلگت، دیامر، غذر، اشکومن، گپس یاسین، نگر، ہنزہ، شمشال، اسکردو اور شگر میں اچانک سیلاب کا خطرہ ظاہر کیا گیا ہے۔
خیبرپختونخواہ میں اپردیر، سوات، باجوڑ، ملاکنڈ، کرم، کوہستان، مہمند اور اورکزئی کے علاقے ممکنہ خطرے کی زد میں ہیں۔
اتھارٹی کے مطابق بلوچستان کے ژوب، شیرانی اور موسی خیل میں بھی سیلابی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ملک بھر میں بارشوں کا نیا الرٹ جاری
اسی طرح اسلام آباد اور پنجاب کے مختلف علاقوں جن میں راولپنڈی، گجرانوالہ سرگودھا، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ اور شیخوپورہ شامل ہیں، کہ شہری علاقوں میں بھی پانی جمع ہونے اور سیلابی صورتحال کا خدشہ ہے۔
این ڈی ایم اے نے خطرے کے پیش نظر متعلقہ اداروں کو پیشگی اقدامات اور ہنگامی صورتحال سے نپٹنے کے لیے تیار رہنے کی ہدایت کر دی ہے۔
نیشنل ایمرجنسی آپریشنز سینٹر ممکنہ خطرات کا مسلسل جائزہ لے رہا ہے اور عوام کا متعلقہ اداروں کو بروقت آگاہ کرنے کا عمل جاری ہے۔
این ڈی ایم اے نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ شدید بارش کے دوران برساتی نالوں، زیرآب سڑکوں پلوں اور نشیبی راستوں سے گزرنے سے گریز کریں۔
اتھارٹی نے موسم، ممکنہ خطرات اور حفاظتی اقدامات سے متعلق مستند معلومات کے لیے پاک این ڈی ایم اے ڈیزاسٹر الرٹ ایپ سے راہنمائی لینے کی بھی ہدایت کی ہے۔
کسی بھی ہنگامی سیلابی صورتحال میں مدد کیلئے 911 ہیلپ لائن سے رابطہ کیا جا سکتا ہے۔