پیپلز پارٹی کی سینئر رہنما فوزیہ حبیب خالقِ حقیقی سے جا ملیں
ان کے انتقال پر صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے تعزیتی پیغام جاری کرتے ہوئے اسے پاکستان پیپلز پارٹی اور ملکی سیاست کیلئے ایک بڑا نقصان قرار دیا۔
صدر آصف علی زرداری نے اپنے بیان میں کہا کہ فوزیہ حبیب نے اپنی پوری سیاسی زندگی عوامی خدمت، جمہوریت کے استحکام اور پاکستان پیپلز پارٹی کے نظریات کے فروغ کیلئے وقف کیے رکھی، مرحومہ ایک متحرک، باصلاحیت اور باوقار سیاسی شخصیت تھیں، جنہوں نے مختلف اہم ذمہ داریوں پر رہتے ہوئے ہمیشہ دیانتداری، لگن اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔
ذہن نشین رہے کہ فوزیہ حبیب نے صدر آصف علی زرداری کے پہلے دورِ صدارت جو 2008ء سے 2013ء تک جاری رہا، اس دوران ایوانِ صدر کے عملے کے رکن کے طور پر بھی خدمات انجام دیں۔
خاندانی ذرائع کے مطابق مرحومہ کی نمازِ جنازہ آج 5 جولائی کو رات 10 بجے اسلام آباد کے ایچ 8 قبرستان میں ادا کی جائے گی، جس میں پارٹی رہنماؤں، کارکنوں، عزیز و اقارب اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات کی شرکت متوقع ہے۔
یہ بھی پڑھیں:آج بارش کہاں گی؟ محکمہ موسمیات کی پیشگوئی
صدر آصف علی زرداری نے مرحومہ کے اہلِ خانہ، عزیز و اقارب، پارٹی رہنماؤں اور کارکنوں سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ فوزیہ حبیب کی کامل مغفرت فرمائے، انہیں جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا کرے اور سوگوار خاندان کو یہ صدمہ صبر و استقامت کے ساتھ برداشت کرنے کی توفیق دے۔