پاکستان کے امیج کا ذرا سا بھی احساس ہے تو اسحاق ڈار استعفیٰ دیں: فیصل واوڈا
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں فیصل واوڈا نے دعویٰ کیا کہ اسحاق ڈار کے ایک قریبی رشتہ دار پر غیر ملکی خواتین کو پاکستان بلا کر مبینہ زیادتی، تشدد اور بھتہ خوری کے الزامات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ متعلقہ شخص کی گرفتاری مبینہ طور پر ایک غیر ملکی سفارت خانے کی مداخلت کے بعد عمل میں آئی۔
فیصل واوڈا نے الزام لگایا کہ کیس کو اصل الزامات کے بجائے صرف بھتہ خوری تک محدود رکھنے کی کوشش کی جا رہی ہے جبکہ متاثرہ غیر ملکی خواتین کو بھی جلد ملک سے واپس بھیجنے کی تیاری کی جا رہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: تحریک انصاف کمزور نہیں، پہلے سے زیادہ مضبوط ہے: سلمان اکرم راجہ
انہوں نے کہا کہ ضابطہ فوجداری کی دفعہ 164 کے تحت ریکارڈ ہونے والا بیان اب تک سامنے نہیں آیا جبکہ میڈیکل رپورٹس کے حوالے سے بھی شفاف تحقیقات ضروری ہیں۔

آزاد سینیٹر نے ملکی سیاسی نظام پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بااثر طبقہ احتساب سے بالاتر دکھائی دیتا ہے اور اس معاملے پر بڑی سیاسی جماعتوں کی خاموشی بھی سوالات کو جنم دے رہی ہے۔
فیصل واوڈا نے اپنے بیان میں کہا کہ وہ ماضی میں بھی مختلف اہم معاملات پر پیشگی نشاندھی کرتے رہے ہیں اور آئندہ بھی عوام کے سامنے حقائق لاتے رہیں گے۔
واضح رہے کہ فیصل واوڈا کے یہ الزامات ان کا موقف ہیں جن کی متعلقہ حکومتی حکام یا اسحاق ڈار کی جانب سے تاحال تصدیق یا تردید سامنے نہیں آئی۔