پرانی موٹرسائیکل کو نئی بنا کر بیچنے والوں کی شامت آگئی
تفصیلات کے مطابق لاہور کے علاقے سبزہ زار کے رہائشی شکیل احمد نے منٹگمری روڈ پر واقع ایک موٹرسائیکل ڈیلر کے خلاف قانونی کارروائی شروع کر دی ہے۔
درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا کہ انہوں نے دکاندار پرویز سے 60 ہزار روپے میں موٹرسائیکل خریدی تھی، جسے نئی اور بہترین حالت میں قرار دے کر فروخت کیا گیا۔
شکیل احمد کے مطابق بعد ازاں معلوم ہوا کہ موٹرسائیکل دراصل پرانی تھی جسے رنگ و روغن اور معمولی مرمت کے ذریعے نئی شکل دے کر فروخت کیا گیا۔ ان کا کہنا ہے کہ دکاندار نے حقیقت چھپا کر دھوکہ دہی اور فراڈ کا ارتکاب کیا، جس کے باعث انہیں مالی اور ذہنی نقصان اٹھانا پڑا۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ صارفین کو درست اور مکمل معلومات فراہم کرنا فروخت کنندہ کی ذمہ داری ہے، جبکہ مذکورہ معاملے میں خریدار کو گمراہ کیا گیا۔ اسی بنیاد پر عدالت سے 5 لاکھ روپے بطور ہرجانہ دلوانے کی استدعا کی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:ملک بھر میں بارشوں کا نیا سلسلہ آج سے شروع گا
صارف عدالت نے ابتدائی سماعت کے بعد دکاندار پرویز کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 17 جون کو جواب جمع کرانے کیلئے طلب کر لیا ہے۔
قانونی ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر عدالت میں دھوکہ دہی یا غلط بیانی ثابت ہو جاتی ہے تو دکاندار کو ہرجانے کی ادائیگی کے ساتھ دیگر قانونی نتائج کا بھی سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔