عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں نیچے آگئیں
ایک روز قبل تیل کی قیمتوں میں تقریباً 4 فیصد اضافہ ہوا تھا، تاہم ایران کی جانب سے جنگ کے خاتمے کیلئے سفارت کاری کا راستہ کھلا رکھنے کے بیان نے سرمایہ کاروں کی توجہ حاصل کرلی۔
عالمی مارکیٹ میں برینٹ خام تیل کے مستقبل کے سودے 94 سینٹ یعنی 0.9 فیصد کمی کے بعد 102.10 ڈالر فی بیرل پر آگئے۔ اسی طرح امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ خام تیل کی قیمت 59 سینٹ یعنی 0.7 فیصد کمی کے بعد 91.32 ڈالر فی بیرل ریکارڈ کی گئی۔
دوسری جانب اماراتی مربن خام تیل کی قیمت میں 4.06 فیصد اضافہ ہوا اور یہ 113 ڈالر فی بیرل پر ٹریڈ کرتا رہا۔
عالمی تاجروں کی توجہ امریکا کی جانب سے ڈیزل کی برآمدات پر ممکنہ پابندیوں کی خبروں پر بھی مرکوز ہے۔ الٹرا لو سلفر ڈیزل کے مستقبل کے سودوں میں تقریباً 5 فیصد کمی ہوئی۔
امریکی میڈیا میں یہ رپورٹ سامنے آئی کہ ٹرمپ انتظامیہ 90 روزہ ڈیزل برآمدی پابندی کے منصوبے پر غور کر رہی ہے، تاہم وائٹ ہاؤس نے اس رپورٹ کی تردید کردی۔
کرس رائٹ اس سے قبل کہہ چکے ہیں کہ ڈیزل کی برآمدات پر پابندی مؤثر ثابت نہیں ہوگی، جبکہ تجزیہ کاروں کے مطابق ایسی پابندی سے عالمی ایندھن کی رسد متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔
یہ بھی پڑھیں:پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید کمی، نوٹی فکیشن جاری
ادھر امریکی انرجی انفارمیشن ایڈمنسٹریشن کے مطابق گزشتہ ہفتے امریکا میں خام تیل کے ذخائر 30 لاکھ بیرل بڑھ کر 426.4 ملین بیرل ہوگئے، حالانکہ تجزیہ کاروں نے ذخائر میں کمی کی توقع ظاہر کی تھی۔