عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں کم ہوگئیں
عالمی منڈی میں برینٹ خام تیل کے مستقبل کے سودوں کی قیمت 7 سینٹ یعنی 0.07 فیصد کمی کے بعد 98.33 ڈالر فی بیرل ہوگئی، جبکہ امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ خام تیل کی قیمت 35 سینٹ یعنی 0.39 فیصد کمی کے بعد 89.27 ڈالر فی بیرل پر آگئی۔
رپورٹس کے مطابق سعودی عرب نے منگل کو اپنی ایسٹ ویسٹ پائپ لائن پر دوبارہ کام شروع کردیا، 11 ستمبر کو ڈرون حملوں کے بعد یہ پائپ لائن بند کردی گئی تھی، جس کے باعث یَنبُع بندرگاہ سے خام تیل کی برآمدات متاثر ہوئی تھیں۔
آبنائے ہرمز کے ذریعے خلیجی ممالک سے تیل کی ترسیل متاثر ہونے کے بعد سعودی عرب اس پائپ لائن کے ذریعے روزانہ تقریباً 40 لاکھ بیرل خام تیل بحیرۂ احمر کی جانب منتقل کر رہا تھا، جو عالمی تیل سپلائی کا تقریباً 4 فیصد بنتا ہے۔
مارکیٹ تجزیہ کار ٹم واٹرر کے مطابق عالمی تیل سپلائی کی صورتحال چند ہفتے قبل کے مقابلے میں بہتر دکھائی دے رہی ہے۔ نیویارک میں امریکی اور ایرانی وفود کے درمیان ملاقات سے تاجروں کو سفارتی مذاکرات کے امکانات کی امید بھی ملی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:ایک سال کیلئے پیٹرولیم لیوی ختم کرنے کی تجویز
دوسری جانب عراق نے بھی تیل کی برآمدات میں اضافے کا اعلان کیا ہے، عراقی وزیر تیل کے مطابق ملک اس وقت روزانہ 30 لاکھ بیرل سے زیادہ تیل برآمد کر رہا ہے جبکہ ترکی کے راستے برآمدات 6 لاکھ بیرل یومیہ سے زیادہ کرنے کی توقع ہے۔
ادھر امریکی خام تیل کے ذخائر میں بھی 18 لاکھ بیرل اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس نے قیمتوں پر مزید دباؤ ڈالا ہے۔