سمارٹ فونز کی قیمتوں میں 16 ہزار روپے تک کمی کا امکان
ایف بی آر کی جانب سے درآمدی موبائل فون پر عائد ریگولیٹری ڈیوٹی میں 20 فیصد کمی کا فیصلہ کیا گیا ہے جس کے نتیجے میں مختلف برانڈز کے سمارٹ فونز کی قیمتوں میں 16 ہزار روپے تک کمی کا امکان ہے جس سے عام صارفین کو بڑے پیمانے پر ریلیف ملنے کی توقع ہے۔
موبائل فون مارکیٹ سے وابستہ حلقوں کا کہنا ہے کہ ریگولیٹری ڈیوٹی میں کمی کے باعث درآمدی فونز کی لاگت کم ہوگی، جس کا اثر بالآخر مارکیٹ قیمتوں پر بھی پڑے گا۔
یاد رہے کہ ایک روز قبل فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے چیئر مین راشد محمود لنگڑیال نے قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کو موبائل فونز پر عائد درآمدی ڈیوٹی میں کمی کی یقین دہانی کرا ئی تھی۔
یہ بھی پڑھیں: ایف بی آر کی موبائل فون پر درآمدی ڈیوٹی میں کمی کی یقین دہانی
چیئرمین ایف بی آرکا کہنا تھا کہ موبائل فونز پر عائد ریگولیٹری ڈیوٹی میں کمی 31 سے 200 ڈالر مالیت کے ابتدائی درجے کے موبائل فونز تک محدود رکھی جانی چاہیے تاکہ کم آمدنی والے اور پہلی بار اسمارٹ فون خریدنے والے صارفین اس سے استفادہ کر سکیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ مہنگے یا پریمیم درآمدی موبائل فونز پر ڈیوٹی میں وسیع پیمانے پر کمی سے زیادہ فائدہ معاشرے کی ایلیٹ کلاس کو ہو گا جبکہ قومی خزانے کو بھاری نقصان بھی پہنچ سکتا ہے۔