چٹ پٹی چنا چاٹ، گھر پر آسانی سے تیار ہونے والی لذیذ اور مقبول ڈش
18 فروری 2026
گھر پر آسانی سے بننے والی چنا چاٹ اپنے منفرد ذائقے اور خوشبو کی وجہ سے ہر عمر کے افراد میں بے حد مقبول ہے۔ اُبلے ہوئے چنوں، تازہ سبزیوں اور چٹ پٹے مسالوں کا یہ امتزاج نہ صرف لذیذ ہوتا ہے بلکہ دن کے کسی بھی وقت کھانے کے لیے بہترین انتخاب بھی سمجھا جاتا ہے۔ ہری اور املی کی چٹنی کا ذائقہ اس میں ایک خاص چٹخارا پیدا کرتا ہے جبکہ کڑک اور خستہ سیو یا پاپڑی اسے مزید مزے دار بناتی ہے۔
چنا چاٹ بنانے کے لیے سب سے پہلے ایک پیالے میں اُبلے ہوئے چنے ڈالے جاتے ہیں، جس میں کٹے ہوئے ٹماٹر، اُبلے آلو، بند گوبھی اور سیو شامل کیے جاتے ہیں۔ اس کے بعد کُٹی ہوئی لال مرچ، چاٹ مسالا، باریک کٹی ہری مرچیں اور حسبِ ذائقہ نمک شامل کیا جاتا ہے۔ تازہ کٹا ہوا ہرا دھنیا اور زیرے کا رائتہ ڈال کر تمام اجزا کو اچھی طرح مکس کیا جاتا ہے تاکہ ذائقے یکجان ہو جائیں۔
اگلے مرحلے میں اس مکسچر میں ہری چٹنی اور املی کی چٹنی شامل کی جاتی ہے، جو اس ڈش کو ایک منفرد اور مزیدار کھٹاس اور تیکھا پن فراہم کرتی ہے۔ تمام اجزا کو اچھی طرح ملانے کے بعد چنا چاٹ پیش کرنے کے لیے تیار ہو جاتی ہے۔
یہ سادہ مگر ذائقے سے بھرپور ڈش نہ صرف گھریلو محفلوں بلکہ شام کی ہلکی پھلکی بھوک مٹانے کے لیے بھی بہترین ہے۔ کم وقت میں تیار ہونے والی یہ چنا چاٹ صحت بخش ہونے کے ساتھ ساتھ ایک مکمل اسنیک کا مزہ بھی دیتی ہے، جسے بچے اور بڑے سب شوق سے کھاتے ہیں
سحر و افطار اوقات
26 February 2026, 8th Ramadan