جنازے میں جانے والی کشتی الٹنے سے 24 افراد ہلاک
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ حادثہ جنوبی نائیجیریا کی ریاست بایلسا میں پیش آیا، جہاں کشتی ایک کمیونٹی سے دوسری کمیونٹی کی جانب جا رہی تھی۔ کشتی میں سوار افراد ایک تدفین کی تقریب میں شرکت کیلئے سفر کر رہے تھے کہ دورانِ سفر کشتی اچانک الٹ کر پانی میں ڈوب گئی۔
نائیجیریا کی نیشنل ایمرجنسی مینجمنٹ ایجنسی کے ترجمان منزو ایزکی نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ حادثے کے بعد فوری طور پر تلاش اور بچاؤ کی کارروائیاں شروع کردی گئی ہیں۔
حکام کے مطابق حادثے میں اب تک 24 افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہوچکی ہے، تاہم لاپتہ ہونے والے افراد کی درست تعداد تاحال معلوم نہیں ہوسکی۔
دوسری جانب پولیس ترجمان موسیٰ محمد نے بتایا کہ امدادی کارروائیوں کے دوران مزید 24 افراد کو زندہ بچا لیا گیا ہے۔ حادثے میں محفوظ رہنے والے افراد کو طبی امداد کی ضرورت ہے۔
حکام نے تاحال یہ واضح نہیں کیا کہ حادثے کے وقت کشتی میں مجموعی طور پر کتنے مسافر سوار تھے اور کشتی الٹنے کی اصل وجہ کیا تھی۔
یہ بھی پڑھیں:فیکٹری میں آگ لگ گئی، 3 افراد ہلاک 39 لاپتہ
ریسکیو ٹیمیں لاپتہ افراد کی تلاش میں مصروف ہیں جبکہ حکام کی جانب سے واقعے کی مزید تفصیلات جمع کی جا رہی ہیں۔