عمان کے قریب آئل ٹینکر پر نامعلوم پروجیکٹائل سے حملہ
واقعے کے نتیجے میں جہاز کے پچھلے حصے کو نقصان پہنچا ہے۔
برطانوی میری ٹائم ٹریڈ آپریشنز (یو کے ایم ٹی او) کے مطابق آئل ٹینکر آبنائے ہرمز سے باہر نکل رہا تھا کہ اس دوران ایک نامعلوم پروجیکٹائل آ کر جہاز کے پچھلے حصے سے ٹکرا گیا۔
یو کے ایم ٹی او نے بتایا کہ یہ واقعہ عمان کے علاقے خصب سے تقریباً 11 ناٹیکل میل شمال میں پیش آیا۔ واقعے کی اطلاع ملنے کے بعد متعلقہ حکام صورتحال کا جائزہ لے رہے ہیں۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق حملے کے نتیجے میں جہاز کو نقصان پہنچا، تاہم کسی جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔ اسی طرح سمندر میں تیل کے اخراج یا ماحول کو پہنچنے والے کسی نقصان کی بھی تاحال تصدیق نہیں ہوئی۔
تاحال یہ واضح نہیں ہو سکا کہ آئل ٹینکر کو نشانہ بنانے کیلئے کس نوعیت کا پروجیکٹائل استعمال کیا گیا اور اس واقعے کے پیچھے کون ملوث ہے۔
آبنائے ہرمز عالمی تجارت کیلئے انتہائی اہم سمندری گزرگاہ ہے، جہاں سے دنیا بھر میں تیل اور گیس کی بڑی مقدار منتقل کی جاتی ہے۔ اس علاقے میں کسی بھی سکیورٹی واقعے سے عالمی توانائی کی ترسیل اور بحری جہازوں کی آمدورفت متاثر ہونے کا خدشہ پیدا ہو سکتا ہے۔
حکام کی جانب سے واقعے کی مزید تفصیلات سامنے آنے کا انتظار کیا جا رہا ہے۔