دوران پرواز پائلٹس کا جھگڑا، اسرائیل جانے والی فلائٹ کی سعودی عرب میں ہنگامی لینڈنگ
فلائٹ ٹریکنگ کے مطابق ہنگامی صورتحال کے بعد پرواز کو اردن کی فضائی حدود سے سعودی عرب کی جانب موڑ دیا گیا اور بعد ازاں طیارے کو فوجی طیاروں نے گھیرے میں لے کر سعودی عرب کے تبوک ائیرپورٹ پر لینڈ کرادیا جب کہ طیارے میں 150 سے زائد اسرائیلی سوار تھے۔
ترجمان اسرائیلی وزیراعظم کا کہنا ہے کہ دبئی سےتل ابیب کی پرواز کا واقعہ ہائی جیکنگ نہیں ہے جبکہ سینئر اسرائیلی عہدیدار کا کہنا ہے کہ اماراتی ایئر لائن پر سب سے بڑی تباہی کو روک دیاگیاہے۔
یہ بھی پڑھیں: ماسکو: فوجی طیارہ خوفناک حادثے کا شکار، 6 افراد ہلاک
اسرائیلی عہدیدار کے مطابق طیارےکے معاون پائلٹ سےتحقیقات جاری ہیں، ایسے اشارے مل رہے ہیں کہ اس نےطیارہ کریش کرنےکےلیےکنٹرول سنبھالنےکی کوشش کی تھی۔
اس حوالے سے اسرائیلی میڈیا نے بھی بتایا کہ ابتدائی جائزے کے مطابق ہنگامی سگنل کاک پٹ میں پائلٹس کے درمیان جھگڑے کے دوران فعال ہوا۔
ایوی ایشن ذرائع کے مطابق غیر ملکی ائیرلائن کی متبادل پرواز بھی تبوک پہنچ گئی ہے جو مسافروں کو لےکر تل ابیب کے لیے ڈیڑھ گھنٹےمیں روانہ ہوگی۔
ایوی ایشن ذرائع کا کہنا ہے کہ بیشتر اسرائیلی شہریوں سمیت دیگر مسافر تبوک ائیرپورٹ پر موجود ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق طیارے کے پائلٹس کے درمیان دورانِ پرواز مبینہ طور پر ہاتھا پائی کے باعث ہائی جیکنگ کا سگنل فعال ہوا، تاہم طیارے میں ہائی جیکنگ نہیں ہوئی۔
تبوک ائیر پورٹ کے حکام کے مطابق پروازکے زخمی پائلٹ اور معاون پائلٹ کو اسپتال منتقل کردیاگیا ہے۔