بھارتی سوشل میڈیا انفلوئنسر کی پراسرار موت
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق نِدھی تیواری سوشل میڈیا پر خاصی مقبول تھیں، ان کے فیس بک پر تقریباً 9 لاکھ جبکہ انسٹاگرام پر 7 لاکھ فالوورز موجود تھے۔ ان کی ویڈیوز کو بڑی تعداد میں صارفین دیکھتے تھے۔
نِدھی نے 2024 میں ’مس پریٹی انڈیا‘ کا اعزاز بھی حاصل کیا تھا۔ وہ ماڈلنگ اور اداکاری کے شعبے میں کیریئر بنانے کی خواہشمند تھیں اور ڈیجیٹل کانٹینٹ کریئیٹر کے طور پر بھی سرگرم تھیں۔
رپورٹس کے مطابق گزشتہ ہفتے اہلخانہ نے نِدھی کو گھر میں پھندے سے لٹکا ہوا پایا۔ انہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم ڈاکٹروں نے ان کی موت کی تصدیق کردی۔
یہ بھی پڑھیں: بھارت: ٹریفک جرمانے بجلی کے بل کیساتھ وصول کرنے پر غور
اہلخانہ کا کہنا ہے کہ واقعے سے کچھ دیر قبل نِدھی فون پر کسی شخص سے گفتگو کررہی تھیں اور بظاہر پریشان دکھائی دے رہی تھیں۔
پولیس کے مطابق نِدھی کی موت سے قبل ہونے والی فون پر گفتگو سمیت دیگر شواہد کا جائزہ لیا جارہا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ واقعہ خودکشی ہے یا قتل، اس بارے میں حتمی نتیجہ تحقیقات مکمل ہونے کے بعد سامنے آئے گا۔