تفصیلات کے مطابق یہ اعلان کویتی کابینہ کے ہفتہ وار اجلاس کے بعد کیا گیا، جس کی صدارت وزیر اعظم شیخ احمد العبداللہ الصباح نے کی۔ کابینہ کے فیصلے کے تحت بدھ 25 فروری اور جمعرات 26 فروری کو ملک بھر میں عام تعطیل ہوگی۔ ان دو دنوں کے دوران تمام سرکاری وزارتوں، سرکاری و نیم سرکاری اداروں، تعلیمی اداروں اور دیگر عوامی دفاتر میں کام مکمل طور پر معطل رہے گا۔
یہ بھی پڑھیں: عمان،حکومت نے پہلے روزے کا اعلان کر دیا
کویت میں عام طور پر جمعہ اور ہفتہ کو ہفتہ وار تعطیل ہوتی ہے، اس طرح 25 اور 26 فروری کی سرکاری چھٹیوں کے ساتھ مل کر سرکاری ملازمین کو جمعہ اور ہفتہ سمیت چار دن کی طویل تعطیلات میسر آئیں گی۔ حکام کے مطابق سرکاری دفاتر میں کام کا دوبارہ آغاز اتوار یکم مارچ سے ہوگا۔
یہ تعطیلات کویت کے 65 ویں قومی دن اور 35 ویں یوم آزادی کی یاد میں منائی جا رہی ہیں۔ کویت کا قومی دن ہر سال 25 فروری کو منایا جاتا ہے، جو ملک کی تاریخ اور قیادت کے ساتھ وابستگی کی علامت ہے، جبکہ یوم آزادی 26 فروری کو منایا جاتا ہے، جو 1961 میں برطانوی سرپرستی کے خاتمے اور خودمختاری کے حصول کی یاد دلاتا ہے۔
ان مواقع پر ملک بھر میں سرکاری اور نجی سطح پر مختلف تقریبات، ثقافتی پروگرامز، پریڈز اور آتش بازی کے مظاہرے منعقد کیے جاتے ہیں۔ سڑکوں، عمارتوں اور عوامی مقامات کو قومی پرچم اور روشنیوں سے سجایا جاتا ہے، جبکہ شہری بھی اپنے گھروں اور گاڑیوں پر قومی پرچم آویزاں کرتے ہیں۔