ناقص ادویات کی فروخت پر فوری پابندی عائد
DRAP drug recall
فائل فوٹو
لاہور:(ویب ڈیسک) پنجاب میں جان بچانے والی ادویات سمیت دس معروف ادویات کے ناقص ہونے کا انکشاف سامنے آگیا ہے۔

اطلاعات کے مطابق صوبے میں فروخت ہونے والی متعدد معروف ادویات کے نمونے جانچ کیلئے تجربہ گاہ بھیجے گئے جہاں رپورٹ میں انکا معیار تسلی بخش نہ پایا گیا، معاملہ سامنے آنے پر ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان نے فوری کارروائی کرتے ہوئے مخصوص بیچز کی فروخت اور استعمال کو روک دیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ جن ادویات کو ناقص قرار دیا گیا ان میں الرجی، دل کے امراض، جلدی انفیکشن، نزلہ زکام اور آنکھوں کے علاج میں استعمال ہونے والی دوائیں شامل ہیں۔

 الرجی کیلئے استعمال ہونے والی دوا ڈیزی اور دل کے مریضوں کو دی جانے والی ایسکاڈ بھی فہرست میں شامل ہیں، اسی طرح جلدی امراض کی دوا کیناڈیکس اور نزلہ زکام کی سیپی زائن اور روزن کا استعمال بھی روک دیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: چالان ہونے پر شہری دل کا دورہ پڑنے سے چل بسا

آنکھوں کے لیے استعمال ہونے والے قطرے نیفن اور باریک نسوں کے علاج کا ایک انجکشن بھی جانچ میں مطلوبہ معیار پر پورا نہ اتر سکا، متعلقہ ادویات کراچی کے صنعتی علاقوں اور منگھوپیر جبکہ لاہور کے سندر اور رائیونڈ روڈ کے کارخانوں میں تیار کی گئی تھیں۔

حکام کے مطابق مارکیٹ سے مذکورہ بیچز واپس منگوانے کا عمل شروع کر دیا گیا ہے اور مزید قانونی کارروائی جاری ہے، ماہرین صحت کا کہنا ہے کہ مریض کسی بھی دوا کے استعمال سے پہلے مستند ڈاکٹر سے مشورہ ضرور کریں۔