انگلینڈ سے کلین سوئپ کے بعد پاکستانی ٹیم کو ایک اور بڑا جھٹکا
آئی سی سی کے مطابق انگلینڈ کیخلاف آخری ٹیسٹ میچ میں پاکستان ٹیم مقررہ وقت میں مطلوبہ اوورز مکمل نہ کرسکی، جس کے باعث ٹیم پر 50 فیصد میچ فیس کا جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔
آئی سی سی کا کہنا ہے کہ پاکستان نے ٹارگٹ وقت کے دوران 11 اوورز کم کیے، سلو اوور ریٹ کی خلاف ورزی پر قومی ٹیم کیخلاف کارروائی کی گئی، جبکہ کھلاڑیوں نے مقررہ وقت میں اوورز مکمل نہ کرنے کی سزا قبول کرلی۔
پاکستان ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے سلو اوور ریٹ کی خلاف ورزی تسلیم کرلی، جس کے بعد جرمانے کی کارروائی مکمل کرلی گئی ہے۔
دوسری جانب اس جرمانے کے ساتھ پاکستان کو ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں بھی نقصان اٹھانا پڑا ہے۔ قومی ٹیم کے 11 قیمتی پوائنٹس کاٹ لیے گئے ہیں، جس کے بعد ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کی صورتحال پاکستان کیلئے مزید مشکل ہوگئی ہے۔
واضح رہے کہ انگلینڈ کیخلاف شکست کے بعد پاکستان ٹیم کی ٹیسٹ رینکنگ بھی مزید ایک درجہ نیچے چلی گئی ہے۔ قومی ٹیم ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کی موجودہ صورتحال میں آخری نمبر پر پہنچ گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:پاکستانی ٹیسٹ ٹیم کی رینکنگ میں تنزلی
انگلینڈ کے خلاف کلین سوئپ، ٹیسٹ رینکنگ میں تنزلی اور اب سلو اوور ریٹ پر جرمانے نے پاکستان کرکٹ ٹیم کیلئے مشکلات میں مزید اضافہ کردیا ہے۔