بنگلہ دیش کے میرپور سٹیڈیم میں کھیلے جارہے دوسرے ایک روزہ میچ میں پاکستان نے بنگلادیش کو جیت کے لیے 275 رنز کا ہدف دے دیا،275 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بنگلادیشی اننگز کے دوران پاکستانی آل راؤنڈر حسین طلعت فیلڈنگ کرتے ہوئے زخمی ہوگئے اور انہیں اسٹریچر کی مدد سے گراؤنڈ سے باہر لے جایا گیا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی ) کے مطابق میچ کے دوران ٹیم کے میڈیکل اسٹاف نے میدان میں ہی حسین طلعت کو ابتدائی طبی امداد فراہم کی، تاہم ابتدائی معائنے کے بعد حسین طلعت کو مزید تفصیلی معائنے کے لیے قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پہلا ایک روزہ میچ، پاکستان کو بنگلا دیش کے ہاتھوں عبرتناک شکست
پی سی بی کا کہنا ہے کہ ڈاکٹرز کی جانب سے مکمل طبی معائنے کے بعد انجری کی نوعیت اور شدت کا تعین کیا جائے گا۔
یاد رہے کے پاکستان ٹیم کو سیریز کے پہلے میچ میں 8 وکٹوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا، واضح رہے کہ سیریز کا تیسرا اور آخری میچ اتوار کو کھیلا جائے گا۔