عمران خان کے خط پر تاحال کوئی کارروائی نہیں ہوئی، بیرسٹر گوہر
تفصیلات کے مطابق بیرسٹر گوہر کا کہنا ہے کہ عمران خان نے تقریباً 10 روز قبل چیف جسٹس پاکستان، چیف جسٹس وفاقی آئینی عدالت اور چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ کو خطوط ارسال کیے تھے، جن میں انصاف کی فراہمی اور اپنے مسائل کے حل کی درخواست کی گئی تھی، تاہم اب تک ان خطوط پر کوئی پیش رفت سامنے نہیں آئی۔
بیرسٹر گوہر نے اپنے بیان میں تینوں چیف جسٹس صاحبان سے مؤدبانہ اپیل کرتے ہوئے کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان اور بشریٰ بی بی کو بلا تاخیر انصاف فراہم کیا جائے۔
انہوں نے زور دیا کہ متعلقہ عدالتی حکام اس معاملے پر توجہ دیں اور قانونی تقاضوں کے مطابق اقدامات کریں۔
واضح رہے کہ چند روز قبل عمران خان نے اپنے وکیل بیرسٹر سلمان صفدر کے ذریعے چیف جسٹس صاحبان کو خط بھجوایا تھا۔ وکیل کے مطابق یہ خط عمران خان کی ہدایت پر تحریر کیا گیا تھا، جس میں طبی سہولتوں کی فراہمی اور عدالتی احکامات پر عمل درآمد کی اپیل کی گئی تھی۔
یہ بھی پڑھیں:عمران خان کی صحت پر پی ٹی آئی کا اظہار تشویش
خط میں عمران خان نے اپنے طبی مسائل کا ذکر کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا تھا کہ ڈاکٹروں نے انہیں برین ہیمرج اور دل کے دورے کے خطرے سے آگاہ کیا ہے، جبکہ ان کا بلڈ پریشر 193 تک پہنچنے کا دعویٰ بھی کیا گیا تھا۔