کراچی: 5 ہزار روپے کے جعلی نوٹوں کے فراڈ کا انکشاف
تفصیلات کے مطابق ملزمان نے آن لائن اشتہار کے ذریعے موبائل فون فروخت کرنے والے نوجوان سے رابطہ کیا اور فون خریدنے میں دلچسپی ظاہر کی۔ طے شدہ معاملات کے تحت ملزمان نے نوجوان سے ملاقات کی اور موبائل فون حاصل کرنے کے بعد اسے مجموعی طور پر 2 لاکھ 60 ہزار روپے ادا کیے۔
تاہم بعد ازاں انکشاف ہوا کہ ملزمان کی جانب سے دی جانے والی رقم 5 ہزار روپے کے جعلی نوٹوں پر مشتمل تھی۔ اس طرح نوجوان موبائل فون بھی گنوا بیٹھا اور اس کے بدلے ملنے والی رقم بھی کسی کام کی نہ رہی۔
یہ بھی پڑھیں: پیٹرول پمپ مالکان کا ماہانہ طریقہ کار واپس لانے کا مطالبہ
رپورٹ کے مطابق متاثرہ نوجوان نے بتایا کہ واردات کے وقت اس کے ساتھ موجود دوست کو کوئی مشروب پلا کر حواس باختہ کردیا گیا تھا، جس کے باعث وہ صورتحال کو سمجھنے اور بروقت ردعمل دینے کے قابل نہیں رہا۔
واقعے کے بعد جعلی کرنسی کے ذریعے آن لائن خرید و فروخت کرنے والے گروہ کی سرگرمیوں پر بھی سوالات اٹھنے لگے ہیں۔ آن لائن پلیٹ فارمز پر موبائل فون سمیت دیگر قیمتی اشیا کی خرید و فروخت کے دوران شہریوں کو احتیاط برتنے کی ضرورت ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کے حوالے سے مزید تحقیقات جاری ہیں اور ملزمان کی کارروائی کے طریقہ کار کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔