عمران خان کی صحت پر پی ٹی آئی کا اظہار تشویش
تفصیلات کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر علی خان کی زیر صدارت کور کمیٹی کے اجلاس کا اعلامیہ جاری کردیا گیا ہے، جس میں بانی پی ٹی آئی کی صحت، علاج معالجے اور طبی سہولیات سے متعلق امور پر تشویش کا اظہار کیا گیا ہے۔
اعلامیے کے مطابق کور کمیٹی نے مطالبہ کیا کہ جج صاحبان بانی پی ٹی آئی کی جانب سے لکھے گئے خط میں اٹھائے گئے معاملات کا فوری اور سنجیدگی سے نوٹس لیں۔ کمیٹی کا کہنا ہے کہ عمران خان کی صحت سے متعلق خدشات کو نظر انداز کرنے کے بجائے ان پر فوری توجہ دی جانی چاہیے۔
یہ بھی پڑھیں: عمران خان کی سزا کیخلاف اپیلوں کی لائیو اسٹریمنگ کی درخواست
کور کمیٹی نے مزید مطالبہ کیا کہ بانی پی ٹی آئی کے علاج سے متعلق عدالتی احکامات پر بلاتاخیر عمل درآمد یقینی بنایا جائے اور ان کی زیر التوا درخواست کو فوری سماعت کے لیے مقرر کیا جائے تاکہ معاملے پر جلد قانونی پیش رفت ممکن ہوسکے۔
اعلامیے میں اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ عدالتی فیصلوں اور احکامات پر عمل درآمد متعلقہ حکام کی ذمہ داری ہے اور بانی پی ٹی آئی کو علاج معالجے کی مطلوبہ سہولیات فراہم کی جانی چاہئیں۔
پی ٹی آئی کور کمیٹی نے عدلیہ سے اپیل کی کہ عمران خان کی صحت سے متعلق معاملے کو غیر معمولی اہمیت دیتے ہوئے فوری اقدامات کیے جائیں اور ان کی درخواست پر جلد فیصلہ کیا جائے۔