مولانا فضل الرحمان کی گھر کے محاصرے کیخلاف درخواست دائر
تفصیلات کے مطابق جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی رہائش گاہ کے مبینہ پولیس محاصرے اور انہیں گھر میں محبوس رکھنے کے خلاف لاہور ہائی کورٹ میں درخواست دائر کر دی گئی۔
یہ درخواست جے یو آئی کے وکیل ابرار حسین کی جانب سے دائر کی گئی ہے، جس میں آئی جی پنجاب اور سی سی پی او لاہور سمیت دیگر پولیس افسران کو فریق بنایا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: لاہور میں مولانا فضل الرحمان کی قیام گاہ کا محاصرہ
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ سربراہ جے یو آئی کی رہائش گاہ کے اطراف 3 ہزار پولیس اہلکار تعینات کر کے انہیں گھر کے اندر محبوس کر دیا گیا ہے، جبکہ پولیس کی جانب سے کسی بھی قسم کی ملاقات کی اجازت بھی نہیں دی جا رہی۔
درخواست گزار کا کہنا تھا کہ پولیس حکام سے فضل الرحمان کی نظربندی یا حراست سے متعلق قانونی حکم نامہ طلب کیا گیا تاہم تاحال کوئی قانونی دستاویز پیش نہیں کی گئی۔
درخواست میں عدالتِ عالیہ سے استدعا کی گئی ہے کہ فضل الرحمان کی رہائش گاہ کا غیر قانونی پولیس محاصرہ فوری طور پر ختم کرنے کا حکم دیا جائے۔