پی ٹی آئی نئے صوبوں کی حامی ہے، ریفرنڈم ہونا چاہیے: بیرسٹر علی ظفر
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر علی ظفر کا کہنا تھا کہ نئے صوبوں کے قیام سے متعلق پہلے ریفرنڈم کرایا جائے، جس کے بعد صوبے بنانے کے طریقہ کار کا تعین کیا جانا چاہیے، 28ویں آئینی ترمیم کا مسودہ سامنے آنے کے بعد ہی اس پر حتمی مؤقف اختیار کیا جائے گا۔
پیپلز پارٹی کے ساتھ ممکنہ سیاسی اتحاد سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر علی ظفر نے کہا کہ تحریک انصاف نے اتحاد کیلئے تین شرائط رکھی ہیں۔
ان کے مطابق پہلی شرط یہ ہے کہ مخصوص نشستیں تحریک انصاف کو واپس دی جائیں، دوسری شرط خیبر پختونخوا میں گورنر راج کا خاتمہ ہے، جبکہ تیسری شرط یہ ہے کہ پیپلز پارٹی پارلیمنٹ اور سینیٹ میں اپوزیشن بینچوں پر بیٹھے۔
بیرسٹر علی ظفر کا کہنا تھا کہ اگر پیپلز پارٹی یہ تینوں شرائط تسلیم کرلیتی ہے تو پھر انہیں یقین ہوگا کہ دونوں جماعتوں کے درمیان ہونے والی بات چیت محض دکھاوا نہیں ہے۔
انہوں نے بلاول بھٹو زرداری کے حوالے سے طنزیہ انداز میں کہا کہ اگر انہوں نے توبہ کرلی ہے تو انہیں تحریک انصاف کی شرائط بھی تسلیم کرنی چاہئیں۔
سینیٹر علی ظفر نے مزید کہا کہ بلاول بھٹو کے بارے میں یہی کہیں گے کہ بڑی دیر کردی مہرباں آتے آتے۔
یہ بھی پڑھیں:سینئر سیاستدان نوابزادہ محسن علی خان انتقال کرگئے
واضح رہے کہ پی ٹی آئی اور پیپلز پارٹی کے درمیان سیاسی رابطوں اور ممکنہ تعاون سے متعلق یہ بیان سامنے آیا ہے۔