سینئر صحافی حسین نقی 90 برس کی عمر میں انتقال کر گئے
ان کے انتقال کی خبر سے صحافتی حلقوں اور انسانی حقوق کی تنظیموں میں سوگ کی فضا پھیل گئی۔
حسین نقی لاہور پریس کلب کے رکن تھے جبکہ وہ ہیومن رائٹس کمیشن آف پاکستان (ایچ آر سی پی) کے سابق خزانچی اور موجودہ کونسل ممبر بھی تھے۔ انہیں پاکستان کی صحافتی تاریخ میں ایک توانا آواز اور نئی نسل کے صحافیوں کیلئے استاد اور مشعل راہ سمجھا جاتا تھا۔
حسین نقی 1936ء میں بھارتی شہر لکھنؤ میں پیدا ہوئے، قیام پاکستان کے بعد وہ اپنے خاندان کے ہمراہ لاہور منتقل ہوگئے۔ انہوں نے ایف سی کالج اور پنجاب یونیورسٹی سے تعلیم حاصل کی۔ زمانہ طالب علمی ہی سے ترقی پسند طلبہ سیاست میں سرگرم رہے اور نیشنل اسٹوڈنٹس فیڈریشن سے وابستہ ہوگئے۔
انہوں نے سابق صدر ایوب خان کے دور حکومت میں مارشل لا کیخلاف مزاحمت کی اور اس جدوجہد کے دوران قید و بند کی صعوبتیں بھی برداشت کیں۔
حسین نقی نے اپنی پوری زندگی جمہوری جدوجہد، انسانی حقوق کے تحفظ اور آزادی صحافت کیلئے وقف کیے رکھی، ان کی صحافتی خدمات اور اصولی مؤقف کے باعث انہیں ملک کے معتبر صحافیوں میں شمار کیا جاتا تھا۔
یہ بھی پڑھیں:آٹے کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ، فی کلو کتنے کا ہوگیا؟
اہلِ خانہ کے مطابق مرحوم کی نماز جنازہ اتوار کو دوپہر ساڑھے 12 بجے جامعہ المنتظر، ماڈل ٹاؤن لاہور میں ادا کی جائے گی۔
حسین نقی کے انتقال کو صحافت اور انسانی حقوق کے شعبے کیلئے ایک بڑا نقصان قرار دیا جا رہا ہے۔