نجی ایئر لائن سے اچانک 300 سے زائد ملازمین فارغ
ذرائع کے مطابق ایئر لائن انتظامیہ نے ملازمین کو برطرفی کے فیصلے سے ای میل کے ذریعے آگاہ کیا ہے۔ برطرف کیے گئے ملازمین کا تعلق انجینئرنگ، پسنجر ہینڈلنگ، ایئر سائیڈ سمیت مختلف شعبہ جات سے ہے۔
ایئرلائن کی جانب سے بھیجی گئی ای میل کے مطابق ملازمین کے ساتھ ملازمت کا معاہدہ 2 نومبر 2026 کو ختم کر دیا گیا ہے۔ تمام برطرف ملازمین کو نجی ایئر لائن کے سروس کارڈز اور ایئرپورٹ پاسز شعبہ ہیومن ریسورس (ایچ آر) میں جمع کرانے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پنجاب کے تمام سرکاری اور نجی سکولوں کی نگرانی کا نیا نظام نافذ
ذرائع کا کہنا ہے کہ ایئر لائن انتظامیہ نے شعبہ ایچ آر کو برطرف ملازمین کے واجبات کی ادائیگی کے انتظامات کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔
ملازمین کی برطرفی کی وجوہات بیان کرتے ہوئے انتظامیہ نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ یہ فیصلہ خطے کی موجودہ غیر یقینی صورت حال اور ایوی ایشن انڈسٹری کو درپیش مختلف چیلنجز کے پیش نظر کیا گیا ہے۔
نجی ایئر لائن کے اس فیصلے کے بعد متاثرہ ملازمین میں تشویش پائی جا رہی ہے۔