لاہور شہر دنیا کا آلودہ ترین قرار،اعداد و شمارجاری
تفصیلات کے مطابق لاہور کے مختلف علاقوں میں فضائی آلودگی کی صورتحال انتہائی تشویش ناک ہے اور کئی مقامات پر اے کیو آئی کی سطح خطرناک حد تک بلند ریکارڈ کی گئی ہے۔ اقبال ٹاؤن میں آلودگی کی سب سے زیادہ شرح سامنے آئی، جہاں ایئر کوالٹی انڈیکس 722 تک پہنچ گیا۔
اسی طرح برکی روڈ پر اے کیو آئی 455 ریکارڈ کیا گیا، جبکہ ماڈل ٹاؤن میں یہ سطح 362 رہی۔ بیدیاں روڈ پر فضائی آلودگی کا انڈیکس 264 اور ڈی ایچ اے فیز 5 میں 282 ریکارڈ کیا گیا۔
فضائی آلودگی میں اضافے کے باعث شہریوں کو سانس لینے میں مشکلات اور آنکھوں میں جلن سمیت مختلف مسائل کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
ماہرین صحت کے مطابق آلودہ فضا میں زیادہ دیر تک رہنا انسانی صحت کیلئے نقصان دہ ثابت ہوسکتا ہے، خصوصاً بچوں، بزرگوں اور سانس کے مریضوں کو زیادہ احتیاط کی ضرورت ہے۔
شہریوں کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ آلودگی کی شدت کے دوران غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نکلنے سے گریز کریں اور باہر جاتے وقت حفاظتی ماسک استعمال کریں۔
یہ بھی پڑھیں:ڈیلی ویجز ملازمین کی بڑی مشکل آسان ہوگئی
لاہور میں فضائی آلودگی کی مسلسل بلند سطح نے شہریوں کی صحت اور ماحول کے حوالے سے ایک بار پھر سنگین خدشات پیدا کردیے ہیں۔