پاکستانیوں کیلئے پاسپورٹ بنوانا مہنگا ہوگیا، فیس دگنی
محکمہ پاسپورٹ اینڈ امیگریشن کی جانب سے کی گئی اس تبدیلی کا اطلاق جمعے سے ملک بھر میں ہوگا۔ نئی پالیسی کے تحت پاسپورٹ بنوانے کے خواہشمند شہریوں کو نارمل، ارجنٹ اور فاسٹ ٹریک سمیت مختلف کیٹیگریز میں زیادہ رقم خرچ کرنا پڑے گی۔
تفصیلات کے مطابق 36 صفحات پر مشتمل مشین ریڈ ایبل پاسپورٹ کی نارمل فیس 4 ہزار 500 روپے تھی، تاہم اب اسی کیٹیگری کے ای پاسپورٹ کیلئے 9 ہزار روپے ادا کرنا ہوں گے۔ اس طرح نارمل پاسپورٹ بنوانے والے شہریوں کے اخراجات میں نمایاں اضافہ ہوگیا ہے۔
اسی طرح ارجنٹ مشین ریڈ ایبل پاسپورٹ کی فیس 7 ہزار 500 روپے مقرر تھی، لیکن نئی پالیسی کے تحت ارجنٹ ای پاسپورٹ حاصل کرنے کیلئے 15 ہزار روپے ادا کرنا ہوں گے۔
فاسٹ ٹریک کیٹیگری میں بھی شہریوں کو زیادہ رقم خرچ کرنا پڑے گی، اس سے قبل مشین ریڈ ایبل پاسپورٹ کی فاسٹ ٹریک فیس 12 ہزار 500 روپے تھی، جبکہ اب ای پاسپورٹ کیلئے 22 ہزار روپے فیس مقرر کی گئی ہے۔
حکام کے مطابق مذکورہ فیسیں پانچ سالہ مدت اور 36 صفحات پر مشتمل پاسپورٹ کیلئے ہیں، 72 صفحات پر مشتمل پاسپورٹ بنوانے والے شہریوں کو بھی متعلقہ کیٹیگری کے مطابق فیس ادا کرنا ہوگی۔
یہ بھی پڑھیں:جمشید دستی کی عبوری ضمانت منظور، گرفتار نہ کرنے کا حکم
پاسپورٹ کے اجرا میں اس تبدیلی کے بعد شہریوں کیلئے بیرون ملک سفر کی دستاویزات بنوانے کا عمل مزید مہنگا ہوگیا ہے، جبکہ نئی فیسوں کے باعث کم آمدنی والے افراد پر اضافی مالی بوجھ پڑنے کا خدشہ ہے۔