مشاق طیارہ حادثہ، شہید میجر حسنین اور کیپٹن عبدالصمد کی نماز جنازہ ادا
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق نماز جنازہ میں وزیراعظم شہباز شریف، چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ، وزیر اطلاعات و نشریات، کمانڈر نیشنل اسٹریٹجک کمانڈ، اعلیٰ سول و عسکری حکام اور شہدا کے اہل خانہ نے شرکت کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دونوں افسران 12 اکتوبر کو کوئٹہ کے قریب مشاق تربیتی طیارے کے حادثے میں شہید ہوئے تھے۔ پاک فوج اور پوری قوم نے دونوں افسران کی عظیم قربانی کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پاک فوج کا ہائپر سونک بیلسٹک میزائل 'فتح ٹو' کا کامیاب تجربہ
ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ وطن کے لیے شہدا کی جرأت، لگن اور غیر متزلزل عزم ہمیشہ باعث فخر رہے گا۔ دونوں افسران کی قربانی کو یاد رکھا جائے گا۔
نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد شہدا کے جسد خاکی تدفین کے لیے ان کے آبائی علاقوں کو روانہ کر دیے گئے، جہاں انہیں مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کیا جائے گا۔