کے پی میں ایمرجنسی کے نفاذ پر سنجیدگی سے غور ہو رہا ہے، طارق فضل چوہدری
ڈاکٹر طارق فضل چوہدری کے مطابق اسپیکر کی سربراہی میں اجلاس ہونے جا رہا ہے، جس میں پیپلزپارٹی کی جانب سے نوید قمر شریک ہوں گے، اجلاس میں قانون سازی سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں ایمرجنسی سیاسی اختلاف کی بنیاد پر نہیں بلکہ صوبے میں دہشت گردی کے بڑھتے ہوئے واقعات اور امن و امان کی صورتحال کے باعث زیرِ غور ہے، ان کے بقول صوبائی حکومت کا وفاق کے ساتھ عدم تعاون بھی صورتحال کو پیچیدہ بنا رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم کی زیر صدارت اجلاس،کے پی سے متعلق مختلف آپشنز پرغور
وفاقی وزیر نے کہا کہ صوبے میں دہشت گردی اور امن و امان کی صورتحال پر وفاقی حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو تشویش ہے جبکہ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وفاقی دارالحکومت کے تحفظ کو یقینی بنائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ وفاقی حکومت آرٹیکل 232 کے تحت ایمرجنسی کے نفاذ اور چیف ایگزیکٹو کے اختیارات کسی کو دینے کے مختلف امکانات پر غور کر رہی ہے۔