ریسکیو ملازمین کے لیے بڑی خوشخبری، تنخواہوں میں 7 فیصد اضافے کی منظوری
مشیر وزیراعلیٰ سندھ گیانچند ایسرانی کی زیر صدارت سندھ ایمرجنسی کونسل کا چھٹا اجلاس ہوا، جس میں ریسکیو 1122 کی کارکردگی، مالی و انتظامی امور اور ملازمین کی فلاح و بہبود سے متعلق مختلف معاملات کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں ریسکیو اہلکاروں کے لیے 3 کروڑ روپے کے شہدا پیکیج اور ملازمین کی تنخواہوں میں 7 فیصد اضافے کی منظوری دی گئی، جبکہ تمام کنٹریکٹ ملازمین کی ملازمت میں ایک سال کی توسیع کا فیصلہ بھی کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: بسنت 2027: مریم نواز نے 10 روزہ بسنت منانے کی منظوری دے دی
ڈی جی ریسکیو 1122 بریگیڈیئر (ر) واجد صبغت اللہ مہر نے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ادارے کے قیام سے اب تک 13 لاکھ 30 ہزار سے زائد افراد کو طبی امداد اور دیگر ریسکیو خدمات فراہم کی جا چکی ہیں، جبکہ مختلف حادثات میں 5 ہزار 238 قیمتی جانیں بچائی گئیں۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ ریسکیو 1122 کو روزانہ 10 ہزار سے زائد کالز موصول ہوتی ہیں اور اس وقت ادارہ 149 گاڑیوں اور 1,723 اہلکاروں کے ذریعے خدمات انجام دے رہا ہے۔
اجلاس میں فائر سیفٹی آڈٹس اور اینٹی ریبیز مہم کا بھی جائزہ لیا گیا۔ ریسکیو ملازمین کی ہیلتھ انشورنس اور پنشن کے معاملات پر حتمی مشاورت کے بعد سفارشات صوبائی کابینہ کو بھجوانے کا فیصلہ کیا گیا۔
اس کے علاوہ نئے الاؤنسز کی منظوری کے لیے محکمہ خزانہ سندھ سے رجوع کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا، جبکہ کم کارکردگی دکھانے والے ملازمین کو سخت وارننگ جاری کی گئی۔