نادرا کا شہریوں کے لیے اہم اعلان، بائیومیٹرک اپڈیٹ کی سہولت مفت
نادرا کے مطابق پاکستان میں مقیم شہریوں کے ساتھ بیرون ملک پاکستانی بھی اپنا بائیومیٹرک ڈیٹا بغیر کسی فیس کے اپ ڈیٹ کروا سکتے ہیں۔ بائیومیٹرک اپڈیٹ کے عمل میں انگلیوں کے نشانات، نئی تصویر اور آئرس یعنی آنکھ کی پتلی کا اسکین شامل ہے۔
نادرا کا کہنا ہے کہ بائیومیٹرک معلومات بروقت اپ ڈیٹ رکھنے سے شناخت کی چوری اور فراڈ کے خطرات کم کرنے میں مدد ملتی ہے، جبکہ بینکنگ لین دین، نئی موبائل سم کے حصول اور پروف آف لائف سرٹیفکیٹ سمیت مختلف خدمات کے دوران بائیومیٹرک تصدیق میں پیش آنے والی مشکلات بھی دور ہوسکتی ہیں۔
نادرا نے بالخصوص 3 سے 18 سال تک کی عمر کے ایسے بچوں کے والدین کو بائیومیٹرک معلومات اپ ڈیٹ کرانے کی ہدایت کی ہے جن کا تاحال تصویر والا ب فارم نہیں بن سکا۔
اس کے علاوہ تاحیات میعاد والے قومی شناختی کارڈ رکھنے والے شہری بھی مفت بائیومیٹرک اپڈیٹ کی سہولت سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کی خواتین کیلئے اہم اعلان
شہری اپنا بائیومیٹرک ڈیٹا مفت اپ ڈیٹ کرانے کے لیے قریبی نادرا دفتر، یونین کونسل میں قائم نادرا کاؤنٹر یا موبائل رجسٹریشن وین سے رجوع کرسکتے ہیں۔
نادرا نے مراکز پر آنے والے خاندانوں کی سہولت کے لیے فیملی ٹوکن کے ذریعے ون ونڈو کاؤنٹر پر خدمات فراہم کرنے کا بھی انتظام کیا ہے۔
اس سہولت کے تحت اگر ایک خاندان کے متعدد افراد نادرا دفتر آتے ہیں تو ہر فرد کے لیے الگ ٹوکن لینے کی ضرورت نہیں ہوگی۔ خاندان ایک ہی فیملی ٹوکن حاصل کرکے اپنی باری پر ون ونڈو کاؤنٹر سے تمام افراد کے لیے مطلوبہ خدمات حاصل کرسکے گا۔
نادرا کے مطابق اس اقدام کا مقصد شہریوں، خصوصاً خاندانوں کو بار بار مختلف کاؤنٹرز پر جانے کی زحمت سے بچانا اور شناختی دستاویزات سے متعلق خدمات کی فراہمی کو مزید آسان بنانا ہے۔