لانگ مارچ مؤخر کرنے پر پی ٹی آئی کو عطا تارڑ کا کھلا چیلنج
عطا تارڑ نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں امن و امان کی صورتحال تشویشناک ہے، تاہم صوبائی حکومت ان حالات سے بے خبر ہے اور امن و امان کی بہتری کے لیے مؤثر اقدامات کرنے سے بھی گریز کر رہی ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے تحریک انصاف پر دہشتگردی کے حوالے سے سخت الزامات عائد کرتے ہوئے کہا کہ دہشتگردوں نے تمام سیاسی جماعتوں کو نشانہ بنایا، تاہم ان کے بقول تحریک انصاف دہشتگردوں کی مذمت اور ان کے خلاف کارروائی سے گریز کرتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: سابق رکن قومی اسمبلی چودھری محمد اشرف 90 برس کی عمر میں انتقال کرگئے
انہوں نے کہا کہ رواں سال 472 سیکیورٹی اہلکار شہید جبکہ 1500 زخمی ہوئے۔ ان کے مطابق خیبر پختونخوا میں دہشتگردی، غیر قانونی مائننگ اور امن و امان کے مسائل موجود ہیں، جبکہ کرم میں فائرنگ کے واقعات بھی پیش آئے۔
عطا تارڑ نے پی ٹی آئی قیادت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ پہلے دہشتگردوں سے ہاتھ ملاتے اور ان کی سہولت کاری کرتے ہیں، پھر خود کو سیاسی جماعت قرار دیتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ صوبائی حکومت دہشتگردوں کی ہر قسم کی سہولت کاری سے باز رہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ خیبر پختونخوا حکومت نے پولیس ریفارمز کے بجائے ایسا قانون بنایا جس سے پولیس کو سیاسی فورس بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ ان کے مطابق حکومت چاہتی ہے کہ پولیس اس کی سہولت کاری کرے۔
عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ دہشتگردی کے خلاف سیکیورٹی فورسز کے جوان پوری طرح متحرک ہیں اور ایک دن دہشتگرد مکمل طور پر پسپا ہوں گے۔