حکومت کا بڑا اقدام، پاسپورٹ بنوانا ہوا اب مزید آسان
تفصیلات کے مطابق ڈائریکٹر جنرل امیگریشن اینڈ پاسپورٹس محمد علی رندھاوا کی زیرِ صدارت سینئر افسران کا اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا، جس میں پاسپورٹ سروسز کی فراہمی میں بہتری اور جاری ترقیاتی اقدامات کی پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں پاسپورٹس کے بروقت اجراء اور درخواستوں کی پراسیسنگ کو مزید مؤثر بنانے سمیت مختلف اہم امور پر غور کیا گیا۔ اس دوران نادرا سینٹرز پر نئے پاسپورٹ کے لیے درخواست دینے کے نظام کا بھی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں پاسپورٹ سے متعلق سہولیات کو پاک آئی ڈی موبائل ایپ کے ساتھ مربوط کرنے کی تجویز پر بھی غور کیا گیا، جس کا مقصد شہریوں کو پاسپورٹ سروسز تک زیادہ آسان اور ڈیجیٹل رسائی فراہم کرنا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: بجلی صارفین کیلئے آئیسکو کا بڑا اعلان
اس کے علاوہ پاسپورٹ ڈیلیوری سروس کے نظام کو مزید فعال اور تیز بنانے کے لیے مختلف اقدامات کا بھی جائزہ لیا گیا تاکہ شہریوں کو پاسپورٹ کی فراہمی میں غیر ضروری تاخیر سے بچایا جاسکے۔
ڈی جی امیگریشن اینڈ پاسپورٹس محمد علی رندھاوا نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ شہریوں کو درپیش آپریشنل مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے اور پاسپورٹ سروسز سے متعلق تمام مراحل میں شفافیت یقینی بنائی جائے۔
انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل سہولیات کے فروغ، طریقہ کار کو آسان بنانے اور پاسپورٹ سروسز میں مسلسل جدت کے ذریعے شہریوں کو زیادہ مؤثر، تیز اور سہل سہولیات فراہم کی جائیں گی۔