ابھی بھی وقت ہے بند گلی میں نہ جائیں: محسن نقوی کا پی ٹی آئی کو مشورہ
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پشاور میں پاک فوج کے شہداء کی نماز جنازہ میں شرکت کی، سیاسی اختلافات اپنی جگہ پر ہیں، اتنے بے حس ہو جائیں شہیدوں کی نمازجنازہ میں نہ آئیں درست نہیں۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا میں امن و امان کی صورتحال سب کے سامنے ہے، دوسری طرف یہ لوگ اسلام آباد پر دھاوے کا پلان بنا رہے ہیں، اسلام آباد پر دھاوے کی تیاری ہو رہی ہے جس سے معیشت کا نقصان ہوگا، پی ٹی آئی پھر بھی دھرنے کے لیے آتی ہے تو اسلام آباد ہائیکورٹ کے حکم پر عمل کریں گے، ہم نے پہلے ہی بتا دیا ہے کہ ہم قانون کے مطابق چلیں گے۔
یہ بھی پڑھیں:عمران خان کی بہنیں عظمیٰ خان اور نورین نیازی بھی گرفتار
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی لیڈرشپ کو واضح کہتا ہوں بندگلی کی طرف نہ جائیں، پی ٹی آئی کی لیڈرشپ میں کئی لوگ دھرنوں کی سیاست نہیں چاہتے، پی ٹی آئی لیڈرشپ کو کہتا ہوں ایسے ڈراموں سے کچھ حاصل نہیں ہوگا، اس مرتبہ یہ نہیں ہوسکتا کہ وہ اسلام آباد آئیں اور ملک 10 دن کے لیے بند ہو جائے، لانگ مارچ کے لیے آتے ہیں تو اس دفعہ کوئی کمی نہیں چھوڑیں گے، اس دفعہ ان سے نمٹنےکامستقل لائحہ عمل بنائیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی والے ملک میں معاشی نقصان کریں گے، ان کو خود نہیں پتہ ان کے مطالبات کیا ہیں، اپنا اور اپنے لوگوں کا نقصان نہ کریں، حکومت بار بار اس طرح کی صورتحال کو برداشت نہیں کرسکتی، ان کے کہنے پر بانی پی ٹی آئی کا چیک اپ نہیں ہوگا، قانون کے مطابق عمران خان کا علاج ہوگا، ان کا رات کو طبی معائنہ ہوا۔
پیٹرول کی قیمتوں کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ عالمی منڈی کی صورتحال کی وجہ سے ملک میں پیٹرول کی قیمتوں کے حوالے سے دباؤ ہے، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کم کرنے کی پوری کوششیں کر رہے ہیں۔
نئے صوبوں کے حوالے سے محسن نقوی نے کہا کہ نئے صوبوں کے قیام کا معاملہ اب تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے، عوام کی مرضی ہوئی تو نئے صوبے ضرور بنیں گے، نئے صوبوں کے حوالے سے پر امید ہوں، اللہ تعالیٰ نے چاہا تو نئے صوبے ضرور بنیں گے، صوبوں کی تحریک بہت تیزی سے چل رہی ہے، بزنس کمیونٹی، کسان سمیت ہر طبقہ تحریک میں شامل ہو رہا ہے۔